پاکستانی ہاکی کھلاڑیوں کے خلاف شیو سینا کا احتجاج

آخری وقت اشاعت:  اتوار 13 جنوری 2013 ,‭ 13:52 GMT 18:52 PST

پاکستان کے نو کھلاڑی ہاکی انڈیا لیگ میں شرکت کے لیے بھارت میں ہیں

بھارتی شہر ممبئي میں سخت گیر ہندو نظریاتی جماعت شیو سینا کے احتجاجی مظاہرے کے بعد پاکستان کے ہاکی کھلاڑیوں کو سٹیڈیم سے باہر نکالا گيا۔

پاکستان کے نو ہاکی کھلاڑی بھارت میں ’ہاکی انڈیا لیگ‘ کے ٹورنا منٹ میں شرکت کے لیے بمبئی ہاکی ایسوسی ایشن کے سٹیڈیم میں پریکٹس میچ کھیل رہے تھے۔

تبھی شیو سینا کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سٹیڈیم کی جانب بڑھے۔ پولیس نے سکیورٹی کے سبب ان کھلاڑیوں کو اپنی حفاظت میں سٹیڈیم سے باہر نکالا۔

پاکستانی کھلاڑی بھارتی کھلاڑیوں کے سات ہی پریکٹس میچ کھیل رہے تھے جو لیگ کی مختلف ٹیموں کی جانب سے کھیلتے ہیں۔

شیو سینا کا کہنا ہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے خلاف وہ احتجاج کریں گے اور کسی بھی صورت میں پاکستانی کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اس ہنگامے کے بعد بمبئی ہاکی ایسوسی ایشن کے ایک سینیئر اہلکار منوج بھور نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ آگے کیا ہوگا اس بات چیت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

’ہم ایک میٹنگ میں ہی تھے کہ شیو سینا کے لوگ آئے اور پاکستان کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دی اور کہا کہ وہ انہیں نہیں کھیلنے دیں گے۔ اب میٹنگ ہوگئی ہے، ٹیموں سے بات چیت ہوگي، لوکل کمیٹی سے مشورہ کیا جائے گا اور پولیس سے بھی بات ہوگي تب کچھ فیصلہ کیا جائیگا کہ آخر کیا کیا جائے۔‘

شیو سینا کے ایک کارکن کا کہنا تھا ’سرحد پر جنگ جاری ہے۔ وہ ہمارے سپاہیوں کو کاٹ رہے ہیں اور دوسری طرف ان کے کھلاڑیوں کو یہاں عزت بخشی جارہی ہے۔ یہ کتنا مناسب ہے؟ وطن سے محبت کرنے والا کوئی بھی اسے برداشت نہیں گریگا۔‘

"سرحد پر جنگ جاری ہے۔ وہ ہمارے سپاہیوں کو کاٹ رہے ہیں اور دوسری طرف ان کے کھلاڑیوں کو یہاں عزت بخشی جارہی ہے۔ یہ کتنا مناسب ہے؟ وطن سے محبت کرنے والا کوئی بھی اسے برداشت نہیں گریگا۔"

شیو سینا

بھارت میں بعض ٹی وی چینلز کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر مبینہ طور پر پاکستانی کی جانب سے کی گئي فائرنگ کے ہلاکت کی خبروں کو اشتعال انگیز طریقے سے بار بار نشر کر رہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ کہ اس طرح کے حلات پیدا ہوئے۔ بعض ٹی وی چینلز ہلاک شدہ فوجیوں کی آخری رسومات کے مناظر اور متاثرین کے اہل خانہ کے انٹریو نشر کر رہے ہیں۔

اس دوران ہلاک ہوئے فوجیوں کے اہل خانہ نے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک انہیں انصاف نہیں ملتا اس وقت تک وہ بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔

ہاکی انڈیا لیگ میں پاکستان کے جو نو کھلاڑی آئے ہیں اس میں رضوان سینیئر اور رضوان جونیر دلی کی ٹیم ’دہلی ویو رائڈرز‘ کی طرف سے کھیلتے ہیں۔

سعید کاشف شاہ پنجاب کی ٹیم ’پنجاب واریئر‘ جبکہ شفقت رسول اور محمد عرفان ’رانچی رائینو‘ کا حصہ ہیں۔

محمود توثیق، محمود رشید، فرید احمد اور عمران بٹ ممبئی کی ٹیم ’ممبئی میجیشن‘ کی طرف سے کھیلتے ہیں۔

لیگ میں شامل پانچ ٹیموں میں سے ان نو کھلاڑیوں کو چار ٹیموں نے سولہ دسمبر کو دلی میں ہوئي نیلامی کے دوران خریدا تھا۔

ہاکی انڈیا لیگ کے ٹورنامنٹ کا آغاز پیر سے دلی میں ہونا ہے اور اس کا اختتام دس فروری کو ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچي میں ہونا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔