بھارتی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، گمبھیر باہر

آخری وقت اشاعت:  اتوار 10 فروری 2013 ,‭ 09:54 GMT 14:54 PST

گوتم گمبھیر کے مقابلے میں وریندر سہواگ خوش قسمت رہے

آسٹریلیا کے خلاف بائیس فروری سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے پہلے دو میچوں کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

بھارتی سلیکٹروں نے اوپنرگوتم گمبھیر کو ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے اور ان کی جگہ شیکھر دھون کو ملی ہے۔

گوتم گمبھیر طویل عرصے سے فارم میں نہیں ہیں۔ تاہم گمبھیر کے برعکس آؤٹ آف فارم وریندر سہواگ اور ہربھجن سنگھ سلیکٹروں کے اعتماد پر پورا اترنے میں کامیاب رہے ہیں۔

سہواگ کا ٹیسٹ ریکارڈ اچھا رہا ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سنچری بھی بنائی تھی۔ حال ہی میں بھارت انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو ایک سے ہارا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی خاصی خراب رہی ہے۔گزشتہ سال بھارتی ٹیم کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ اس نے ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ جیسی نسبتا کمزور ٹیموں کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔

بولرز میں اسپنرز آر ایشون اور پرگیان اوجھا کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے جبکہ رانجی ٹرافی اور پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بھونیشور کمار بھی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

بولرز کی سلیکشن میں سلیکٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا کیونکہ ظہیر خان، امیش یادو اور عرفان پٹھان تینوں ان فٹ ہیں۔

بھارتی ٹیم 15 سے 18 فروری تک بنگلور میں پریکٹس کیمپ میں حصہ لے گی اور 22 فروری کو چنئی میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے سے قبل بھارتی ٹیم دو پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔