عمرگل کی عمدہ بولنگ، پاکستان کی فتح

آخری وقت اشاعت:  اتوار 3 مارچ 2013 ,‭ 15:39 GMT 20:39 PST

عمر گل نے صرف چھ رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں

پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو پچانوے رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔

سنچورین میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 196 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم تیرہویں اوور میں سو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

کلِک پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: تصاویر میں

جنوبی افریقی بلے بازوں نے ابتداء میں جارحانہ انداز اپنایا اور بارہ رنز فی اوور کی اوسط سے رن بنائے تاہم پھر عمر گل ایک ہی اوور میں تین وکٹیں لے کر پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔

عمر گل نے اپنے اگلے اوور میں مزید ایک وکٹ لے کر پاکستان کی پوزیشن مزید مضبوط کر دی۔ بعد میں محمد حفیظ نے تین وکٹیں لے کر پاکستان کی فتح یقینی بنا دی۔

پاکستان کی جانب سے عمرگل نے چھ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور سب سے کامیاب بولر رہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پچانوے رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ناصر جمشید اور احمد شہزاد نے اننگز شروع کی تو انتیس کے مجموعی سکور پر اسے ناصر جمشید کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔

اس موقع پر محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے عمدہ بلے بازی کی اور ان کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 83 رنز کی شراکت ہوئی۔ احمد شہزاد 46 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ نے 86 رنز بنائے اور وہ ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے۔

ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ پاکستان مقررہ اوورز میں دو سو سے زائد رن بنانے میں کامیاب رہے گا لیکن پھر یکے بعد دیگرے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے ٹیم کا سکور ایک سو رنز تک ہی محدود رہا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورس اور کلائن ویلٹ نے دو، دو جبکہ سوٹسوبے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دو میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا اور یوں پاکستانی ٹیم ہی ٹرافی کی حقدار ٹھہری۔

اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف کلین سوئیپ کیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔