آسٹریلیا کی پاکستان پر چھ گول سے فتح

آخری وقت اشاعت:  اتوار 10 مارچ 2013 ,‭ 09:57 GMT 14:57 PST

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے برعکس آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم ناکام رہی

ملائیشیا میں کھیلے جانے والے بائیسویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اتوار کو ملیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا گیا میچ آسٹریلیا نے صفر کے مقابلے میں چھ گول سے جیتا۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلا گول کھیل کے آٹھویں میں ڈینیل میریکی نے کیا۔ اگلے ہی منٹ میں میٹ گھوڈز نے گول کر کے آسٹریلیا کو دو صفر کی برتری دلا دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے تیسرا گول کھیل کے سترہویں منٹ میں جیکب ویٹن نے کیا۔ ویٹن نے ہی اپنی ٹیم کے لیے چوتھا گول کیا۔

پہلے ہاف کے اختتام پر آسٹریلیا کو چار صفر کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی پاکستان کو گول کرنے کا ایک موقع ملا مگر اس سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا لیکن پینتالیسویں منٹ میں آسٹریلیا کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر ڈینیئل بیل نے پانچواں گول کر دیا۔

میچ کے 64ویں منٹ میں پاکستان کو پہلا پنلٹی کارنر ملا مگر محمد عمران کی ہٹ باہر چلی گئی۔ میچ ختم ہونے سے چار منٹ پہلے آسٹریلیا نے چھٹا گول کیا اور میچ کے اختتام تک اس یہ یہی برتری قائم رہی۔

اس میچ سے قبل آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں ہاکی کے عالمی مقابلوں میں ایک سو پانچ مرتبہ مدِمقابل آ چکی ہیں جن میں سے چھیالیس آسٹریلیا اور چالیس پاکستان نے جیتے جبکہ اٹھارہ میچ برابری پر ختم ہوئے تھے۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے دن ہونے والے دیگر میچوں میں بھارت کا مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میزبان ملائیشیا کے مدِمقابل ہوگی۔

نو سے سولہ مارچ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے علاوہ آسٹریلیا، بھارت، جنوبی کوریا اور میزبان ملائیشیا شریک ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔