پاکستان اور جنوبی کوریا کا میچ بھی برابر

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 16 مارچ 2013 ,‭ 11:12 GMT 16:12 PST

پاکستان کی جانب سے عبدالحسیم خان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا

ملائیشیا میں کھیلے جانے والے بائیسویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور جنوبی کوریا کا میچ دو دو گول سے برابر رہا ہے۔

اس میچ کے برابر ہونے کے نتیجے میں پاکستان ٹورنامنٹ میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کی دوڑ سے بھی باہر ہو گیا ہے۔

سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے پہلے ہاف کے سولہویں منٹ میں سلمان حسین نے عبدالحسیم خان کے پاس پرگول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔

دوسرے ہاف میں آغاز سے ہی جنوبی کوریا نے پاکستان پر دباؤ بڑھایا اور ہاف کے دوسرے پنلٹی کارنر پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

میچ کے سینتالیسویں منٹ میں پاکستان نے عبدالحسیم خان کے گول کی بدولت ایک بار پھر برتری حاصل کی جسے پاکستانی کھلاڑیوں کے ’اون گول‘ نے خود ہی ختم کروا دیا۔

میچ کے انسٹھویں منٹ میں پاکستان کو برتری حاصل کرنے کا موقع ملا جو ضائع گیا اور یوں پاکستان کو برابری پر اکتفا کرنا پڑا۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے پانچ میچ کھیلے ہیں جس میں سے اسے ایک میں کامیابی جبکہ دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دو میچ برابر رہے۔

پاکستان نے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن نیوزی لینڈ کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا تھا۔

دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں چھ گول سے شکست ہوئی تھی جبکہ تیسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔

جنوبی کوریا سے میچ برابر ہونے سے قبل پاکستان اور میزبان ملائیشیا کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

نو سے سولہ مارچ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بھارت، جنوبی کوریا اور میزبان ملائیشیا شریک ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔