بھارت کو آسٹریلیا پر چار رنز کی برتری

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 23 مارچ 2013 ,‭ 07:02 GMT 12:02 PST

مرلی وجے اور پجارا نے سنچری پارٹنر شپ قائم کی

بھارت میں دلّی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر جاری چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھارت کو آسٹریلیا پر چار رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

سنیچر کو جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لیے تھے اور بھونیشور کمار دس رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

کلِک میچ کا سکور کارڈ

دوسرے دن جب بھارت کی پہلی اننگز شروع ہوئی تو اوپنرز مرلی وجے اور چیتیشور پجارا نے ٹیم کو 108 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

ان دونوں بلے بازوں نے اس دوران نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ تاہم بعد میں آنے والے بھارتی بلے باز اس اچھے آغاز کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔

رویندر جدیجا کے علاوہ اور کوئی بلے باز قابلِ ذکر سکور کرنے میں ناکام رہا۔ جدیجا نے انچاس گیندوں پر تینتالیس رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے سپنر نیتھن لیون نے پانچ وکٹیں لیں جبکہ پیٹنسن، میکسویل اور سڈل کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئي تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے بالر پیٹر سڈل ٹاپ سکورر رہے۔ انہوں نے اپنے کیريئر کی پہلی نصف سنچری بنا کر آسٹریلیا کو ایک بہتر سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔

پیٹر سڈل نے 51 رنز بنائے جبکہ جیمز پیٹنسن نے30 رنز سکور کیے اور ان دونوں نے نویں وکٹ کے لیے 54 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔

بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے 57 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت پہلے ہی چار میچوں کی سیریز میں تین صفر سے آگے ہے اور اس میچ میں فتح کی صورت میں وہ آسٹریلیا کے خلاف کلین سویپ کر سکتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔