برازیل: فٹبال سٹیڈیم نقائص کے باعث بند

Image caption یاد رہے کہ برازیل میں دو ہزار چودہ کے فٹ بال کے عالمی کپ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے

برازیل میں ایک سٹیڈیم جس میں دو ہزار سولہ کے اولمپکس میں ایتھلیٹکس کے مقابلوں کا انعقاد ہونا تھا کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

اس سٹیڈیم کو بند کرنے کی وجہ اس سٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے میں پائے جانے والے مسائل اور نقائص بتائے گئے ہیں۔

زواؤ ایوالانژ سٹیڈیم جو کہ برازیلین شہر ریو ڈی جنیئرو میں چھ سال قبل ہی تعمیر کیا گیا تھا اور اسے ریو ڈی جنیئرو میں فٹ بال کھیلنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

اسی طرح میریکانہ سٹیڈیم بھی اگلے سال منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے مرمت کے عمل سے گزر رہا ہے۔

اس سٹیڈیم کا بند ہونا برازیل کے لیے ایک اور شرمندگی ہے اور یہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب برازیل آنے والے سالوں میں بڑے عالمی مقابلے منعقد کرنے جا رہا ہے۔

حکام نے اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ میریکانہ سٹیڈیم کی مرمت کے لیے پیسے کی کمی ہے اور اس کی وجہ سے تاخیر بھی ہو رہی ہے۔

اسی میریکانہ سٹیڈیم میں اب تک کے منصوبے کے مطابق عالمی فٹ بال کپ کا افتتاحی مقابلہ کھیلا جانا ہے۔

یاد رہے کہ برازیل میں دو ہزار چودہ کے فٹ بال کے عالمی کپ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جو کہ بارہ جون سے تیرہ جولائی دو ہزار چودہ کے درمیان منعقد کیا جائے گا۔

یہ دوسری بار ہو گا کہ برازیل فٹ بال کے عالمی مقابلوں کا میزبان بنے گا جو اس سے پہلے انیس سو پچاس میں ان مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے۔

اسی طرح دو ہزار سولہ کے اولمپکس مقابلے بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیئرو میں منعقد ہوں گے جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

اسی بارے میں