چیمپیئنز ٹرافی: ناموں کا اعلان، یونس ڈراپ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے تیس کھلاڑیوں کے نام کا اعلان کردیا ہے جس میں بیٹسمین یونس خان شامل نہیں ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی انگلینڈ میں تین سے تئیس جون تک کھیلی جائے گی اور اس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

پینتیس سالہ یونس خان نے دورہ جنوبی افریقہ میں پانچ ایک روزہ میچوں میں 116 رنز بنائے تھے۔

چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان پول بی میں ہے اور اس پول میں بھارت، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ بھی شامل ہیں۔

پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور انگلینڈ شامل ہیں۔

تمام ٹیموں کو چھ اپریل تک ٹیم میں شامل ابتدائی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعکان کرنا ہے۔ تاہم پندرہ مئی تک حتمی سکواڈ کا اعلان کرنا ضروری ہے۔

چیف سلیکٹر قاسم اقبال نے کہا کہ یونس خان کو اس لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے حالیہ میچوں میں اچھی کرکردگی نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ جن کھلاریوں کا اعلان کیا گیا ہے اس میں پرانے اور نئے کھلاڑی دونوں ہیں۔

یونس خان تیرہ سال قبل پاکستان کے ایک روزہ سکواڈ میں امل ہوئے تھے۔ انہوں نے کُل 253 میچوں میں 7014 رنز سکور کیے ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ایک بار پھر آل راؤنڈر عبدالرزاق کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ رزاق نے نومبر 2011 سے پاکستان کی جانب سے ایک روزہ میچ نہیں کھیلا ہے۔

پاکستان کا پہلا میچ سات جون کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہو گا، دس جون کو جنوبی افریقہ اور پندرہ جون کو بھارت کے خلاف میچ ہو گا۔

پی سی بی نے جن تیس کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے وہ یہ ہیں: ناصر جمشید، محمد حفیظ، عمران فرحت، احمد شہزاد، مصباح الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، عمر اکمل، شعیب ملک، عمر امین، سہیل تنویر، حماد اعظم، اظہر علی، شاہد آفریدی، سد علی، انور علی، جنید خان، محمد عرفان، وہاب ریاض، عمر گل، راحت علی، احسان عادل، عمران خان، اعزاز چیمہ، یاسر عرفات، سعید اجمل، عبدالرحمان، ذوالفقار بابر، کامران اکمل اور محمد رضوان۔

اسی بارے میں