سہواگ،ہربھجن اور ظہیر ممکنہ سکواڈ سے باہر

Image caption سہواگ اور ہربھجن دونوں آج کل خراب فارم سے پریشان ہیں

بھارتی کرکٹ بورڈ نے جون میں انگلینڈ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

اوپنر وریندر سہواگ، آف سپنر ہربھجن سنگھ اور فاسٹ بولر ظہیر خان اس فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

تاہم آف سپنر پرویز رسول اس فہرست میں جگہ حاصل کرنے والے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

چوبیس سالہ پرویز آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ایک پریکٹس میچ میں سات وکٹیں لے کر سامنے آئے تھے اور بھارت میں جاری آئی پی ایل میں وہ پونے واريئرز کی ٹیم میں شامل ہیں۔

سہواگ اور ہربھجن دونوں آج کل خراب فارم سے پریشان ہیں جبکہ ظہیر خان پنڈلي کی چوٹ کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل پائے تھے۔

ون ڈے کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے سہواگ کو جنوری میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔

ہربھجن نے جون 2011 کے بعد سے کوئی ون ڈے نہیں کھیلا ہے اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم میں ہونے کے باوجود انہیں آخری دو ٹیسٹ میں نہیں کھلایا گیا تھا۔

انڈر 19 عالمی کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے کپتان انمکت چند بھی سکواڈ میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چتیشور پجارا کو جگہ نہیں ملی۔

سلیکشن کمیٹی نے آل راؤنڈر عرفان پٹھان اور لیگ سپنر امت مشرا کو بھی اس فہرست میں شامل کیا ہے۔

تیس ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں سے ٹورنامنٹ کے لیے حتمی 15 کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا۔

بھارت کو گروپ بی میں جنوبی افریقہ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ دوسرے گروپ میں میزبان انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ہیں۔

اسی بارے میں