آئی پی ایل: کرس گیل کی ریکارڈ سنچری

Image caption گیل نے اپنی اننگز میں 17 چھکے لگائے

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے بلے باز کرس گیل نے انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہوئے دو عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

منگل کو بنگلور میں کھیلے جانے والے میچ میں گیل نے پونے واریئرز کے خلاف نہ صرف تیز ترین سنچری بنائی بلکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز بھی کھیلی۔

کرس گیل نے 66 گیندوں پر 175 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

گیل کی اننگز میں 17 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔

گیل کی اس شاندار بلے بازی کی بدولت رائل چینلجرز بنگلور نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے جو کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں انفرادی طور پر سب سے بڑی اننگز نیوزی لینڈ کے برینڈن میککلم نے آئی پی ایل کے ہی افتتاحی ایڈیشن میں کھیلی تھی اور وہ 158 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

اسی میچ میں گیل نے صرف 30 گیندوں پر سنچری بھی مکمل کی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ آسٹریلیا کے اینڈریو سیمنڈز کے پاس تھا جنہوں نے انگلش ٹی ٹوئنٹی سیزن میں 34 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

اسی بارے میں