باکسر عامر خان کی سخت مقابلے کےبعد جیت

Image caption جولیو ڈیاز نے چوتھے راونڈ میں عامر خان کو گرا دیا لیکن وہ اٹھ کر سنھبل گئے

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے شیفیلڈ میں ہونے والے ایک سخت مقابلےکے بعد میکسیکو کے باکسر جولیو ڈیاز کو شکست دے دی ہے۔

دو سالوں میں پہلی بار برطانوی سرزمین پر ہونے والے اس مقابلے میں بولٹن سے تعلق رکھنے والے عامر خان نے ایک انتہائی سخت مقابلے کے بعد جولیو ڈیاز کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ اس مقابلے میں پہلی بار عامر خان مکا کھا کرگرنے کے بعد اٹھ کر مقابلہ جیت لیا۔

جولیو ڈیاز نے چوتھے کے شروع ہوتے ہوئے عامر خان کو ایک زور دار مکا رسید کیا اور وہ کرگر پڑے لیکن جلد ہی اپنے حواس بحال کر کے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے اور جولیو ڈیاز پر پے در پے وار کیے۔

ججوں نے متفقہ فیصلے میں عامر خان کو فاتح قرار دیا ہے۔

Image caption عامر خان نے مقابلے کے بعد جولیو ڈیاز کو ایک انتہائی سخت حریف قرار دیا

عامر خان نے مقابلے کے بعد کہا کہ جولیو ڈیاز نے انہیں سخت امتحان میں ڈالا اور یہ اس کی زندگی کے مشکل مقابلوں میں سے ایک تھا۔

عامر خان لیمنٹ پیٹرسن اور ڈینی گارشیا سے مقابلوں میں شکست کے بعد ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ویلٹر ویٹ ٹائیٹلوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

تینتیس سالہ جولیو ڈیاز دو مرتبہ لائٹ ویٹ چیمپئن رہ چکے ہیں۔

اب تک عامر خان نے اٹھائیس مقابلوں میں حصہ لیا ہے جن میں سے اٹھارہ میں اپنے مد مقابل کو ناک آؤٹ کیا۔