چیمپئنز ٹرافی: ٹیم کا اعلان، آفریدی باہر

انگلینڈ میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان کی پندرہ رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

شاہد آفریدی حالیہ مایوس کن کارکردگی کے سبب ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف پانچوں ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں وہ ایک بھی وکٹ حاصل نہ کرسکے تھے جبکہ ان کے آخری بیس ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں سے دس ایسے ہیں جن میں وہ وکٹ سے محروم رہے ہیں۔

حالیہ پریذیڈنٹ کپ کے چار میچوں میں بھی وہ صرف تین وکٹیں حاصل کرسکے جبکہ ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد صرف ستّر تھی۔

سلیکٹرز نے فاسٹ بولر اسد علی اور بیٹسمین عمرامین کو ایک بار پھر موقع دیا ہے جو باقاعدگی سے ٹیم میں منتخب کیے جاتے رہے ہیں لیکن کپتان کا اعتماد نہ ہونے کے سبب سری لنکا اور بھارت کے دوروں سے کھیلے بغیر واپس آتے رہے ہیں۔

عمر امین دو ہزار دس میں انگلینڈ میں چار ٹیسٹ میچز اور سری لنکا میں تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔

اسد علی حالیہ پریذیڈنٹ کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چودہ وکٹیں حاصل کرکے بہترین بولر قرار پائے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے دورے میں مایوس کن کارکردگی کے باوجود اوپنر ناصر جمشید اور فاسٹ بولر وہاب ریاض حیران کن طور پر ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ اسی دورے میں ایک بھی میچ نہ کھیلنے کے باوجود لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمٰن بھی ایک بار پھر ٹیم میں موجود ہیں۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، ناصرجمشید، عمران فرحت، اسد شفیق، عمر امین، کامران اکمل، شعیب ملک، محمد عرفان، جنید خان، اسد علی، احسان عادل، سعید اجمل، وہاب ریاض اور عبدالرحمٰن۔

چیمپئنز ٹرافی چھ سے تئیس جون تک انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔

پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ سات جون کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اوول میں کھیلے گی۔دس جون کو اس کا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف ایجبسٹن میں ہوگا جبکہ پندرہ جون کو وہ بھارت کے خلاف ایجبسٹن ہی میں مدمقابل ہوگی۔

پاکستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف چار ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔

اسی بارے میں