کیلس کے بغیر جنوبی افریقہ ٹیم کا اعلان

ژاک کیلس
Image caption کیلس نے اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 1996 میں کھیلا تھا۔

جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں مشہور آل راؤنڈر ژاک کیلس کا نام شامل نہیں ہے۔

جنوبی افریقہ کے ہرفن مولا کھلاڑی کیلس کی عدم موجودگی کی وجہ ان کی ’ذاتی مصروفیات‘ بتائي گئی ہے۔

37 سالہ آل راؤنڈر جنوبی افریقہ کے لیے کرکٹ کے ہر فارمیٹ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں تقریباً دو دہائیوں سے کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

انھوں نے 1996 میں اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلا تھا اور اب تک 321 ون ڈے میچوں میں 15756 رنز بنائے اور 270 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

جنوبی افریقہ کے چیف سلکٹر اینڈریو ہڈسن نے کہا ہے کہ ’یہ کہنا ذرا قبل از وقت ہوگا‘ کہ آیا کیلس کا ون ڈے کیریئر ختم ہوجائے گا۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز اور تیز گیندباز کو حال ہی میں وزڈن کرکٹر آف دا ایئر میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ون ڈے میں وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

وہ فی الحال بھارت میں جاری آئی پی ایل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کولکاتہ نائٹ رائڈرس کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

انھوں نے کئی بار یہ خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ 2015 میں کھیلے جانے والے عالمی کپ میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔

ہڈسن نے اعتراف کیا ہے کہ ہر چند کہ ان کی غیر موجودگی ڈیوڈ ملر کے لیے موقع فراہم کرے گی لیکن ان کی کمی یقینی طور پر محسوس کی جائے گی۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملر نے کافی مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے اپنی جس ٹیم کا اعلان کیا ہے اس میں بائی بازو کے جارحانہ بلے باز ملر کے علاوہ آل راؤنڈر جے پی ڈومنی اور فیف دو پلیسی کو واپس لیا گیا ہے۔

وکٹ کیپر بیٹس مین اے بی ڈویلیئرس وکٹ کیپنگ کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کی کپتانی کے فرائض بھی انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ 2013 کی چیمپیئنز ٹرافی انگلینڈ میں منعقد ہو رہی ہے اور اس کا فائنل 23 جون کو کھیلا جائے گا۔

چیمپیئنز ٹرافی کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم:

ہاشم آملہ، فرحان بہردین، اے بی ڈیویليئرز، جے پی ڈومینی، فیف دو پلیسی، کولن انگرام، روری کلینویلٹ، ریان میکلارن، ڈیوڈ میلر، مورنے مورکل، روبن پیٹرسن، آرن فینگیسو، گریم سمتھ، ڈیل سٹین اور لووابو تسوبے۔

اسی بارے میں