منچسٹر سٹی کے مینجر مینسینی برطرف

Image caption اڑتالیس سالہ اطالوی مینسینی نے دسمبر دو ہزار نو میں کلب کے مینیجر کے طور پر کام شروع کیا تھا

انگلش پریمئیر لیگ کلب مانچسٹر سٹی نے اپنے مینیجر رابرٹو مینسینی کو انکے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

کلب نے انہیں برطرف کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سال اپنے بہت سے ٹارگٹس حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

مانچسٹر سٹی جسکا شمار دنیا کے امیر ترین فٹبال کلبز میں ہوتا ہے اس دفعہ لیگ ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہا جو اس نے گزشتہ سیزن میں چوالیس برسوں میں پہلی مرتبہ جیتا تھا اور حیران کن طور پر وہ ایف اے کپ کا فائنل بھی ہفتے کے روز ویگن کی فٹبال ٹیم سے ہار چکے ہیں۔

اڑتالیس سالہ اطالوی مینسینی نے دسمبر دو ہزار نو میں کلب کے مینیجر کے طور پر کام شروع کیا تھا۔

ان کے نائب برائن کڈ اب اگلے دو میچز کے لیے ان کی جگہ لیں گے اور امریکہ کے ٹور میں بھی قیادت کریں گے۔

مالاگا کے چلئین کوچ مینوئل پیلیگرینی کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ ان کی جگہ لیں گے۔

پیلگرینی نے اس بات کی تردید کی کہ وہ مانچسٹر سٹی کے مینجر بننے جا رہے ہیں۔

مانچسٹر سٹی کے چئیر مین خلدون المبارک نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کو برطرف کرنے کا فیصلہ بہت مشکل تھا مگر یہ ایک طے شدہ عمل کے نتیجے میں تھا جس میں ان کے پورے سیزن کی کارکردگی کو سامنے رکھا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مینسینی نے کلب کے شائقین کی محبت میں سے حصہ پایا اور اب اگلے مینیجر کا انتخاب دو ہزار تیرہ اور چودہ کے سیزن کی مناسبت سے کیا جائے گا۔

مینسینی نے کلب پر گزشتہ دنوں شدید تنقید کی جب ان کے برطرف کیے جانے اور پیلگرینی کو ان کی جگہ تعینات کیے جانے کی خبر برطانوی اخبارات نے شائع کی۔

اسی بارے میں