ڈیوڈ بیکہم کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

Image caption ڈیوڈ بیکم نے انگلینڈ کی جانب سے 115 جبکہ فٹبال کلب مانچیسٹر یونائٹیڈ کی جانب سے 398 میچ کھیلے

انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم نے موجودہ سیزن کے اختتام پر ہر قسم کی فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

38 سالہ بیکہم نے اپنے بیس سالہ کیریئر میں انگلینڈ کی جانب سے 115 جبکہ اپنے پہلے فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے 394 میچ کھیلے اور اس دوران چھ مرتبہ وہ انگلش پریمیئر لیگ اور ایک بار یورپی چیمپیئنز لیگ جیتنے والی ٹیم کے رکن بنے۔

رواں برس جنوری میں بیکہم نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ پانچ ماہ کے معاہدے پر دستخط کیے تھے اور یہ معاہدہ 26 مئی کو کلب کے رواں سیزن کے آخری میچ کے ساتھ ختم ہو رہا ہے۔

اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں ڈیوڈ بیکہم کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس جی کے شکرگزار ہیں جس نے انھیں کھیلنے کا موقع فراہم کیا تاہم وہ یہ سمجھتے ہیں کہ کیرئیر کے اختتام کا یہ صحیح وقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فٹبال کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کی جانب سے کھیلنا، انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کا کپتان بننا اور اپنے ملک کی جانب سے سو سے زائد میچ کھیلنا ان کے لیے اعزاز سے کم نہیں ہے۔

مشرقی لندن کے علاقے لیٹن سٹون میں پیدا ہونے والے بیکہم نے اپنے کیریئر میں پانچ فٹبال کلبز کے لیے کھیلا جن میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور پیرس سینٹ جرمین کے علاوہ ریال میڈرڈ، اے سی میلان اور امریکی کلب لاس اینجلس گلیکسی شامل ہیں۔ اس دوران انہوں نے کل 19 ٹرافیاں جیتیں جن میں دس لیگ ٹائٹل بھی شامل ہیں۔

وہ پہلے انگلش کھلاڑی ہیں جنھوں نے چار ممالک میں ٹورنامنٹ جیتے۔

بیکہم نے ایک تربیتی کھلاڑی کے طور پر 1991 میں مانچسٹر یونائیٹڈ میں شمولیت اختیار کی تھی اور 1993 میں کلب نے ان سے پہلا معاہدہ کیا۔

دس سال بعد بیکہم نے مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑ کر ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ میں شمولیت اختیار کی اور سنہ 2007 میں انھیں ’لا لیگا‘ ٹرافی جتوائی۔

ڈیوڈ بیکم نے انگلینڈ کی قومی ٹیم کے لیے سنہ 1996 میں مالدوا کے خلاف میچ سے اپنا کیرئیر شروع کیا اور سنہ 2000 سے 2006 تک وہ قومی ٹیم کے کپتان بھی رہے۔

بیکم نے سنہ 2009 میں اپنے ملک کی جانب سے آخری میچ بیلارس کے خلاف کھیلا جس میں انگلینڈ نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اسی بارے میں