سپاٹ فکسنگ: کھلاڑیوں کی عدالت میں پیشی

Image caption شری سنت، انکت چوہان اور چنڈیلا کو دلی کی ایک عدالت میں پیش کیا جائے گا

انڈین پریمیئر لیگ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیے گئے راجستھان رائلز ٹیم کے تین کھلاڑی ایس شری سنت، اجیت چنڈيلا اور انكيت چوہان کو منگل کو دلی کی ایک عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

آئی پی ایل کے چھٹے ٹورنامنٹ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں ان تینوں کھلاڑیوں کو پولیس نے جمعرات کو 11 مبینہ سٹّے بازوں کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔

گذشتہ پانچ روز سے یہ تینوں کھلاڑی دلی پولیس کی حراست میں ہیں۔ تاہم تینوں کھلاڑیوں کے اہل خانہ نے ان تمام الزامات سے انکار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق دلی کی پولیس عدالت سے تینوں کا پولیس ریمانڈ کی مدت بڑھانے کا مطالبہ کرے گی جو آج ختم ہو رہی ہے۔

راجستھان رائلز کی ٹیم اور بھارتی کرکٹ بورڈ ان تینوں کھلاڑیوں کے معاہدے پہلے ہی منسوخ کر چکے ہیں۔

آئی پی ایل کی ٹیم راجستھان رائلز نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا، ’انتظامیہ کی طرف سے ہمیں جو معلومات مہیا کی گئی ہیں اس کی بنیاد پر تفتیش پوری ہونے تک تینوں کھلاڑیوں کے معاہدوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘

راجستھان رائلز کا کہنا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں کے خلاف دلی پولس کے پاس بھی اس معاملے کی شکایت درج کرائی گئی ہے۔

ٹیم کے مطابق بی سی سی آئی کے ساتھ بات چیت کے بعد ٹیم کے آس پاس سکیورٹی کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے اور وہ دلی، ممبئی اور جے پور میں پولیس حکام کے رابطے میں ہیں۔

دلی پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ بدھ کو ممبئی میں ہوئے راجستھان رائلز اور ممبئی انڈینز، پانچ مئی کو جے پور میں ہونے والے راجستھان رائلز اور پونے واریئررز، اور نو مئی کو موہالی میں ہوئے راجستھان رائلز اور کنگز الیون پنجاب کی ٹیموں کے درمیان میچوں میں سپاٹ فکسنگ کی گئي تھی۔

اس کے مطابق سٹّے بازوں اور کھلاڑیوں کے درمیان اس پر اتفاق کیا جاتا تھا کہ ہر اوور میں کتنے رنز دینے ہیں۔

پولیس کے مطابق کھلاڑیوں یعنی گیند بازوں کو اشارہ کرنا ہوتا تھا کہ وہ رنز دینے کے لیے تیار ہیں۔ یہ اشارے تھے پینٹ کی جیب میں تولیہ ڈالنا، ٹی شرٹ کو بار بار چھونا، آسمان کی طرف دیکھنا، وغیرہ۔

اسی دوران ممبئی پولیس نے بھی شری سنت کے ہوٹل پر چھاپہ مار کر ان کے لیپ ٹاپ، آئی پیڈ سمیت دوسرے سامان کو قبضے میں لیا تھا۔

دہلی پولیس کے مطابق وہ اپریل سے ہی کھلاڑیوں کے موبائل فون کو مانیٹر کر رہی تھی اور اس معاملے کا تانا بانا انڈر ورلڈ سے جڑا ہوا ہے۔

اسی بارے میں