دھونی سال کے امیر ترین کرکٹر

Image caption فوربس کی فہرست کے مطابق اس سال مہندر سنگھ دھونی بھارت کے سب سے باثر کھلاڑی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی دنیا میں سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔

امریکی مالیاتی جریدے فوربز کی جانب سے مختلف کھیلوں سے وابستہ امیر ترین افراد کی فہرست میں مہندر دھونی کو مجموعی طور پر سولہویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ 100 کھلاڑیوں کی اس فہرست میں صرف دو ہی کرکٹر ہیں اور ان دونوں کا تعلق بھارت سے ہے اور اگر دھونی سولہوہیں نمبر پر ہیں، تو سچن تندولکر اکیاونویں نمبر پر۔

دھونی نے آمدنی میں سچن تندولکر کے علاوہ فارمولا ون ریس ڈرائیور فرنانڈو الونزو، ٹینس سٹار نوواک جوکووچ اور رافیل ندال، ایتھلیٹ یوسین بولٹ اور فٹبالر کاکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اگر صرف اشتہارات سے کمائی کی بات کریں تو دھونی کی کمائی معروف فٹبالر میسی اور رونالڈو سے بھی زیادہ ہے۔

اپنے پرکشش کھیل کے لیے دنیا بھر میں مشہور میسی اور رونالڈو کی گزشتہ سال اشتہارات سے کمائی جہاں دو کرو‌‌ڑ دس لاکھ ڈالر رہی وہیں دھونی نے مختلف مصنوعات کے اشتہارات کے ذریعے دو کروڑ اسّی لاکھ ڈالر کمائے۔

میگزین کے مطابق گزشتہ سال دھونی نے انعامات اور اشتہارات سے کل تین کروڑ پندرہ لاکھ امریکی ڈالر کمائے ہیں۔ فوربز میگزین کا کہنا ہے کہ 31 سالہ دھونی سب سے امیر کھلاڑیوں کی فہرست میں اس سال 15 زینے اوپر چڑھے ہیں۔سال 2012 میں وہ 31 ویں نمبر پر تھے۔

Image caption اشتہارات کے معاملے میں دھونی نے اس سال میسی اور رونالڈ سے بھی زیادہ کمائی کی ہے

اس فہرست میں امریکی گولفر ائیگر ووڈز پہلے جبکہ سوئٹزرلینڈ کے ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر دوسرے نمبر پر ہیں۔

37 سالہ ٹائیگر ووڈز کی کمائی گزشتہ سال سات کروڑ اکیاسی لاکھ ڈالر تھی جبکہ اس فہرست میں دوسرا مقام حاصل کرنے والے ٹینس کھلاڑی روجر فیڈرر نے سات کروڑ پندرہ لاکھ ڈالر کمائے۔ 2012 میں فیڈرر اس فہرست میں پہلے نمبر پر تھے۔

امریکی پیشہ ور باسکٹ بال کھلاڑی کوبی برائنٹ چھ کروڑ 19 لاکھ ڈالر کی کمائی کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے۔

سال کے سو سب سے اہم کھلاڑیوں کی فوربز کی فہرست میں صرف تین خواتین ہیں جن میں روسی ٹینس کھلاڑی ماریا شاراپووا 22 ویں درجے پر ہیں اور انہوں نے گزشتہ سال انعام کی رقم اور اشتہارات سے دو کروڑ 90 لاکھ ڈالر حاصل کیے۔

اس فہرست میں امریکی ٹینس کھلاڑی سرينا ولیمز 68 ویں نمبر پر ہیں جن کی کمائی دو کروڑ پانچ لاکھ ڈالر رہی جبکہ چین کی ٹینس کھلاڑی لی نا کا مقام 85 واں ہے اور ان کی کل کمائی ایک کروڑ 82 لاکھ ڈالر رہی۔

اسی بارے میں