کنفیڈریشنز کپ کے پہلے میچ میں برازیل فاتح

Image caption برازیل کی جانب کھیل کے تیسرے منٹ میں نوجوان کھلاڑی سٹرائیکر نیمرنے پہلا گول کیا

برازیل میں کھیلے جا رہے کنفیڈریشنز فٹبال کپ کے پہلے میچ میں میزبان ملک برازیل نے جاپان کو صفر کے مقابلے تین گول سے شکست دے دی۔

برازیل کی جانب کھیل کے تیسرے منٹ میں نوجوان کھلاڑی سٹرائیکر نیمرنے پہلا گول کیا۔اس کے بعد پولنہو نے برتری دو صفر کر دی جب انھوں دانی الوس کے کراس پر گول کیا۔

میچ کے آخری منٹوں میں فریڈ کی جگہ آنے والے جو نے آسکر کے پاس پر برازیل کی جانب سے تیسرا گول کیا۔

جنوبی امریکہ میں بی بی سی کے نامہ نگار ٹم وکیری کا کہنا ہے کہ برازیل میں اگلے سال فٹبال کے عالمی مقابلہ منعقد کرانے پر جو رقم خرچ کی جارہی ہے اس کے خلاف پہلے میچ کے دوران مظاہرے بھی ہوئے ہیں۔

برازیل کے تقریباً ایک ہزار باشندون نے ملک کے قومی سٹیڈیم کے باہر مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ انھیں فٹبال کے عالمی کپ کی ضرورت نہیں ہے، انھیں ہسپتالوں اور تعلیم کے لیے پیسے چاہیئیں۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور کالی مرچ کے پاؤڈر کا استعمال کیا۔

Image caption مظاہرین آئندہ سال ہونے والے عالمی کپ پر عوام کے پیسےخرچ کیے جانے کے خلاف مظاہرے کر رہے تھے

اطلاعات کے مطابق مظاہرین پر قابو پانے کے لیے ربڑ کی گولیاں بھی چلائی گئیں جبکہ 15 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔

برازیل میں جاری کنفیڈریشنز کپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پہلی بارگول لائن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ برازیل میں سنہ 2014 کے فٹ بال کے عالمی کپ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ یہ مقابلے 12 جون سے 13 جولائی 2014 تک جاری رہیں گے۔

برازیل فٹبال کے عالمی مقابلوں کی دوسری بار میربانی کرے گا اس سے پہلے وہ سنہ 1950 میں ان مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے۔

اسی طرح سنہ 2016 کے اولمپکس مقابلے بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیئرو میں منعقد ہوں گے۔

اسی بارے میں