ٹیکس فراڈ میں لیونل میسی عدالت میں طلب

سپین کی ایک عدالت کے جج نے ارجنٹائن کے مشہور فٹبالر لیونل میسی کو مبینہ فراڈ کے مقدمے میں 17 ستمبر کو عدالت میں طلب کیا ہے۔

یورپی ملک سپین کی حکومت فٹبالر ليونل میسی اور ان کے والد کی جانب سے 40 لاکھ یورو سے زیادہ کے مبینہ فراڈ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

میسی ہسپانوی کلب بارسلونا کی جانب سے بھی کھیلتے ہیں اور سپین کے حکام کے مطابق 25 سالہ میسی اور ان کے والد جارج ہوریشيو پر سنہ 2007 سے سنہ 2009 کے دوران غلط ٹیکس گوشوراے جمع کروانے کا شبہ ہے۔

میسی نے فیس بک پر اپنے صفحے پر لکھا ’ہم نے کوئی بےضابطگی نہیں کی۔ ہم نے ہمیشہ ٹیکس کے معاملات میں اپنے مشیروں کے مشورے سے ٹیکس کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں اور یہی مشیر اس صورتحال کی وضاحت کریں گے‘۔

لیونل میسی کے کلب بارسلونا نے اس صورتحال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ چار بار فیفا کے سال کے بہترین فٹ بال کھلاڑی کا اعزاز جیتنے والے میسی نے ان اطلاعات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان الزامات کو رد کر دیا تھا۔

میسی اور ان کے والد پر شک ہے کہ انہوں نے میسی کی تصاویر کے استعمال کا حق فروخت کرنے کے لیے بیلیز اور یوراگوئے میں قائم کمپنیوں کو استعمال کیا۔

ان پر الزام ہے کہ سپین سے باہر قائم کمپنیوں کو استعمال کر کے میسی اور ان کے والد نے ملک کو 40 لاکھ یورو کا نقصان پہنچایا۔

سمجھا جاتا ہے کہ بارسلونا کلب میسی کو تنخواہ کے طور پر سالانہ ایک کروڑ، 60 لاکھ یورو دیتا ہے اور یوں وہ دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

اس کے علاوہ میسی نے مختلف اشتہاری کمپنیوں کے ساتھ لاکھوں ڈالر کے معاہدے بھی کر رکھے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق ان کی کل سالانہ آمدن کا تخمینہ تقریباً 31 ملین یورو لگایا جاتا ہے۔

ہسپانوی خبر رساں ادارے ای ایف ای کے مطابق اگر میسی پر یہ الزام ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں 6 برس تک قید اور بھاری جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

میسی نے سنہ 2000 میں 13 برس کی عمر میں بارسلونا فٹبال کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور تین برس بعد وہ ٹیم کا حصہ بنائے گئے تھے۔

لیونل میسی نے بارسلونا کو تین مرتبہ یورپی چیمپیئنز لیگ مقابلے جیتنے میں مدد دی اور گزشتہ سیزن میں انہوں نے اپنے کلب اور آبائی ملک کے لیے ریکارڈ 91 گول کیے تھے۔

فٹبال کی دنیا کے ماہرین ان کا شمار اس کھیل کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں کرتے ہیں۔

اسی بارے میں