’برازیل میں عالمی کپ ہر صورت منعقد ہو گا‘

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے سیکرٹری جنرل جے روم نے کہا ہے کہ سنہ 2014 کا عالمی کپ ہر صورت برازیل میں منعقد کیا جائے گا۔

انھوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ وہ برازیل کی حکومت کے ساتھ وہاں جاری کنفیڈریشنز کپ کو منعقد یا منسوخ کرنے والے مزاکرات میں شامل رہے ہیں۔

جے روم کا کہنا تھا کہ برازیل میں جاری کنفیڈریشنز کپ کے خلاف جاری مظاہروں نے اس ٹورنامنٹ کو متاثر کیا ہے تاہم انھوں نے حکومت کی جانب سے دی جانے والی یقین دہانی کے بعد کہا کہ سنہ 2014 کا عالمی فٹبال کپ ہر حال میں منعقد کیا جائے گا۔

انھوں نے بی بی سی سپورٹس کو بتایا کہ عالمی کپ کے سلسلے کا پہلا میچ برازیل کے شہر ساؤ پالو میں جبکہ فائنل ریو میں کھیلا جائے گا۔

ریو میں دیے جانے والے ایک انٹرویو میں جے روم نے فیفا کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ فیفا برازیل میں ہونے والے مظاہروں کی ذمہ داری نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برازیل کو متعدد مسائل کا سامنا ہے اور اسے ان مسائل پر قابو پانا ہو گا۔

خیال رہے کہ برازیل میں کشیدیگی ساؤ پالو شہر میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کے باعث شروع ہوئی اور بعد میں ملک بھر میں پھیل گئی۔

اس کشیدیگی کے دائرے میں عوامی خدمات، بدعنوانی اور ملک میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی کپ کے اخراجات جیسے مسائل بھی آ گئے۔

اسی بارے میں