پاکستان جنوبی افریقہ کرکٹ سیریز اکتوبر سے

پاکستان کی کرکٹ ٹیم رواں برس جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے مطابق پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف اکتوبر اور نومبر میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ میچ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔

سبحان احمد نے منگل کو خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کو بتایا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز دبئی، ابو ظہبی، اور شارجہ میں کھیلی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اہکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ میچ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

اہلکار کے مطابق پاکستان کی کرکٹ ٹیم رواں برس دسمبر میں سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلے گی۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ نے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر پاکستان کا دورے کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد کرکٹ بورڈ کے پاس یہ سیریز نیوٹرل گراؤنڈ میں منعقد کروانے کے علاوہ کوئی اختیار نہیں تھا۔

یاد رہے کہ سنہ 2009 میں سری لنکا کی ٹیم کی بس پر لاہور میں ہونے والے حملے کے بعد کوئی بھی غیر ملکی ٹیم پاکستان کے دورے پر نہیں آئی۔

اس واقعے کا سب سے بڑا اثر یہ ہوا کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی سے محروم ہونا پڑا۔ ورلڈ کپ کے سولہ میچز پاکستان کو دیے گئے تھے لیکن اس واقعے کے ایک ماہ بعد ہی آئی سی سی نے یہ میچز پاکستان سے لے کر بھارت اور سری لنکا میں تقسیم کر دیے۔

اسی بارے میں