بھارت نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

ویسٹ انڈیز میں کھیلی جا رہی سہ ملکی کرکٹ سیریز کے چوتھے میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو ڈک روتھ لوئس طریقے کے تحت 102 رنز سے شکست دے دی۔

اس میچ میں بارش کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کو 39 اوورز میں 274 رنز کا ہدف دیا گیا تھا تاہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم 171 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جانسن چارلس نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 45 جبکہ کیمار روچ نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔

ان دونوں کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے دیگر بلے باز اچھی بلے بازی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

بھارت کی جانب سے امیش یادوو، بھونیشور کمار نے تین، تین جبکہ اشانت شرما اور جدیجہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔

بھارت کی اننگز کی خاص بات ویرات کوہلی کی شاندار بلے بازی تھی۔ انھوں نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے شاندار سنچری بنائی۔

بھارت کی جانب سے شیکھر دھون نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 123 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹینو بیسٹ نے دو، پولارڈ، براوو اور سیموئیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت کے ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں