کشمیر کے پرویز رسول، بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل

Image caption پرویز رسول آئی پی ایل کی ٹیم پونے واریئرز سے کھیلتے ہیں

بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے پرویز رسول بھارتی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے پہلے کشمیری کھلاڑی بن گئے ہیں۔

جمعہ کو بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کی سیلکشن کمیٹی نے زمبابوے دورے کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا جس میں سپن گيندباز پرویز رسول کا نام بھی شامل ہے۔

پرویز رسول اُس وقت سرخیوں میں آئے جب اس سال کے شروع میں انھوں نے پریزیڈنٹ الیون کی جانب سے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف پریکٹس میچ میں 65 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں اور 36 رنز کے ساتھ نمایاں سکور بھی کیا تھا۔

پرویز رسول نے آئی پی ایل میں پونے واریئرز کی نمائندگی بھی کی ہے۔

بھارت کے سابق کپتان بشن سنگھ بیدی نے ان کے بارے میں کہا تھا کہ پرویز رسول میں ایک عمدہ آل راؤنڈر بننے کے تمام جوہر موجود ہیں۔

اس دورے میں بھارت کے مستقل کپتان مہندر سنگھ دھونی سمیت پانچ کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔

Image caption ویراٹ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کپتانی کرتے ہوئے حالیہ سہ رخی ٹورنامنٹ میں سنچری بنائی

ان کی جگہ وراٹ کوہلی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ دھونی کے علاوہ ایشانت شرما، آر اشون، بھونیشور کمار اور امیش یادو کو بھی آرام دیا گیا ہے۔

چتیشور پجارا اور اجنکیا رہانے کو ٹیم میں جگہ ملی ہے جبکہ مرلی وجے کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

پرویز رسول کے علاوہ نوجوان کھلاڑی جے دیو اناڈكٹ اور موہت شرما کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

بھارت زمبابوے کے دورے میں پانچ ایک روزہ میچ کھیلے گا۔ اس وقت بھارتی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز میں ہے، جہاں وہ سہ رخی ون ڈے ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے۔

اس مقابلے کی تیسری ٹیم سری لنکا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے میچ میں ہی کپتان دھونی کے پٹھوں میں تناؤ آ گیا تھا، جس کے بعد وہ اس مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔

پہلا ون ڈے 24 جولائی کو، دوسرا 26 اور تیسرا 28 کو ہرارے میں کھیلا جائے گا جبکہ چوتھا 31 جولائی کو اور پانچواں 03 اگست کو بلاوايو میں کھیلا جائے گا۔

ٹیم: وراٹ کوہلی (کپتان)، شکھر دھون، روہت شرما، دینیش کارتک، چیتیشور پجارا، امبٹي رايڈو، اجنکیا رہانے، روندر جڈیجا، امت مشرا، محمد سمیع، ونے کمار، پرویز رسول، جے دیو اناڈكٹ اور موہت شرما۔

اسی بارے میں