سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

Image caption مین آف دی میچ کمارسنگارکارا رہے

ویسٹ انڈیز میں جاری سہہ فریقی ٹورنامنٹ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو39 رنز سے شکست دے کر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

ٹورنامنٹ کا پانچواں ایک روزہ میچ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے مابین پورٹ آف سپین میں کھیلا گیا۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ مہمان ٹیم نے 41 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ بارش کے باعث میچ 41 اوورز تک محددو کر دیا گیا تھا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اُس کے ابتدائی دونوں کھلاڑی 19 رنز کے مجموعی سکور پر آوٹ ہو گئے جس کے بعد کمار سنگاکارا نے سری لنکا کی گرتی ہوئی بیٹنگ لائن کو سنھبالا۔ سنگاکارا نے 4 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے ناقابلِ شکست 90 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روش اور ڈیرن سیمی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کے 219 رنز کے جواب میں ڈک ورتھ آف لوئس کے تحت ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 230 رنز کا ہدف دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن تھا اور اس کے ابتدائی بلے باز صرف 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ویسٹ انڈیز کی ناکام بلے بازی کو ڈیرن براوو نے سہارا دیا اور 84 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 41 اوورز مکمل ہونے تک 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔

سری لنکا کے انجلیو میتھیوز نے 8 اوورز میں 29 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کے کمار سنگا کارا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹورنامنٹ کا اگلا میچ منگل کو سری لنکا اور بھارت کے درمیان ہو گا۔

پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز 9،9 پوائنٹس سے برابر ہے جبکہ بھارت کے پوائنٹس 5 ہیں۔

سہہ فریقی ٹورنامنٹ کا فائنل 11 جولائی کو پورٹ آف سپین میں ہو گا۔

اسی بارے میں