فیبریگاس برائے فروخت نہیں: بارسلونا

Image caption سیس فیبریگاس بارسلونہ کو 12-2011 کا کوپا ڈیل رے اور 13 - 2012 کا لیگا لا کپ جیتوانے میں اہم کردار ادا کیا

سپین کے فٹ بال کلب بارسلونانے مانچسٹر یونائیٹڈ سے کہا ہے کہ بارسلونا کے مڈ فیلڈ کھلاڑی سیس فیبریگاس برائے فروخت نہیں ہے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے بارسلونا اور سپین کے فٹ بال ٹیم کے 26 سالہ مڈ فیلڈ کھلاڑی سیس فیبریگاس کے لیے پیر کو پچیس ملین پاؤنڈ اور پھر اسے بڑھا کر 30 ملین پاؤنڈ بولی کی تصدیق کی تھی۔ لیکن سپین میں اطلاعات ک مطابق اس بولی کو رد کر دیا گیا ہے۔

بارسلونا کے ایک ذرائع نے پیر کو بتایا کہ ’فیبریگاس برائے فروخت نہیں ہے‘ اور بارسلونا کے’صدر ساندرو روسیل نے مانچسٹر یونائیٹڈ پر یہ بات بلکل واضح کر دی ہے۔‘

خیال رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ نے بارسلونا اور سپین کے فٹ بال ٹیم کے مڈ فیلڈر کھلاڑی سیس فیبریگاس کے لیے دوسری بار بولی لگائی ہے۔ان مذاکرات کی سربراہی مانچسٹر یونائیٹڈ کے ایگزیکٹو وائس چیئرمین ایڈو وڈوارڈ کر رہے ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے مینجر ڈیوڈ موئیز نے پیر کو یوکوہاما میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ’میں سمجھتا ہوں کہ ایڈ کو پہلی بولی کا ردِعمل ملا۔‘

انھوں نے کہا تھا کہ ’ہم نے دوسری پیشکش بھی دی ہے لیکن ایڈ اس کو دیکھ رہے ہیں میں نہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’جب آپ اچھے کھلاڑیوں کو ٹیم میں لانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو آپ اس کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔‘

ڈیوڈ موئیز نے کہا تھا کہ ’ مجھے امید ہے کہ یہ بات آگے جائے گی۔ اس وقت میں صرف یہی بتا سکتا ہوں کہ ایڈ اس ڈیل کو مکمل کرنے کے لیے بہت محنت کر رہے ہیں۔‘

مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے ابتدائی آفر کے دو دن بعد ایڈ ووڈوارڈ سیس فیبریگاس کو ٹیم میں لانے کے لیے آسٹریلیا سے وطن واپس پہنچ گئے تھے۔

یہ واضح نہیں کہ آیا مانچسٹر یونائیٹڈ چیلسی کی طرف سے یونائیٹڈ کے سٹرائکر رونی کو اپنی ٹیم میں لانے کی کوششوں کی وجہ سے سیس فیبریگاس کو اپنے ٹیم میں شامل کرنا چاہتا ہے۔

سپین سے تعلق رکھنے والی سیس فیبریگاس بارسلوناکے ماسیہ اکیڈمی کے ذریعے آئے جس کے بعد انھیں آرسنل نے 2003 میں سولہ سال کی عمر میں اپنے کلب میں شامل کیا۔

فیبریگاس نے آرسنل کے ساتھ آٹھ سال گزارے جس کے دوران انھوں نے 303 میچ کھیلے اور 57 گول سکور کیے۔ وہ 2011 میں 25.4 ملین پاؤنڈ کے پانچ سالہ معاہدے کے تحت بارسلونا میں واپس گئے۔

انھوں نے بارسلوناکو 12-2011 کا کوپا ڈیل رے اور 13 - 2012 کا لیگا لا کپ جیتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فیبریگاس نے 83 میچوں میں سپین کی نمائندگی کی جس میں 2010 کا ورلڈ کپ اور دو دفعہ یورپین چیمپئین شپ کی جیت شامل ہے۔

اسی بارے میں