’آج کے دور میں محتاط رہنا پڑتا ہے‘

یوسین بولٹ
Image caption ’میں نے ہمیشہ ثابت کیا کہ میں عظمت حاصل کروں گا‘

حالیہ دنوں میں مختلف عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹوں پر غیر قانونی ادویات کے استعمال کے الزامات کے پس منظر میں جمیکا کے ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی ایسا نہیں کیا۔

جن ایتھلیٹوں پر غلط ادویات کے استعمال کا الزام لگا ہے ان میں یوسین بولٹ کے ہم وطن اسافا پاول اور شیرون سمپسن اور امریکہ کے ٹائی سن گے شامل ہیں۔

بولٹ جمعہ کو لندن میں ’اینیورسری کھیلوں‘ میں حصہ لے رہے ہیں۔ بولٹ نے کہا کہ آج کے دور میں محتاط رہنا پڑتا ہے کیونکہ ممنوعہ ادویات کی فہرست اب بہت طویل ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انجانے میں بھی ممنوع چیز کے استعمال کا امکان رہتا ہے اور ان چیزوں کا دھیان رکھنا مشکل کام ہے، لیکن پھر اسی لیے تو ایتھلیٹ ٹیم کی صورت میں کام کرتے ہیں تاکہ ہر معاملے پر نظر رکھی جا سکے۔

بولٹ نے کہا کہ وہ سکول کے زمانے سے ایتھلیٹکس کے میدان میں کارنامے دکھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اٹھارہ برس کی عمر میں عالمی جونیئر ریکارڈ قائم کیا تھا۔

’میں نے جب جب مقابلوں میں حصہ لیا، ریکارڈ بنائے۔ اپنی حد تک میں نے ہمیشہ ثابت کیا کہ میں عظمت حاصل کروں گا۔‘

آسافا پاول کے ممنوع ادویات کے استعمال کی خبر آنے کے بعد یوسین بولٹ نے انہیں ٹیلیفون پر ایک پیغام بھیجا تھا کہ’جو کچھ ہو رہا ہے، اس کا مجھے افسوس ہے۔‘ پاول نے جواب میں کہا کہ ’ہاں یہ مشکل اور تکلیف دہ ہے۔‘

بولٹ نے کہا کہ وہ اسافا پاول کو بہت زیادہ سوالات سے پریشان نہیں کرنا چاہتے تھے۔

اسی بارے میں