’ایشز کے ساتھ سیریز بھی جیتنا چاہتے ہیں‘

Image caption انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ ایشز ٹرافی برقرار رکھنے کے بعد ان کی ٹیم کی توجہ اب سیریز جیتنے پر ہے۔

انھوں نے کہا کہ انگلش کھلاڑی جمعے سے شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ کی تیاری کر رہے ہیں۔

اینڈی فلاور کے مطابق ہم ایشز ٹرافی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی جیتنا چاہتے ہیں۔

ادھر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک نے کہا ہے کہ چودہ دنوں میں ایشز ٹرافی برقرار رکھنے کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی بہترین کاررکردگی نہیں دکھائی۔

ایلسٹر کک نے اینڈی فلاور کی بات سے اتفاق کیا کہ ان کی ٹیم کی توجہ اب سیریز جیتنے پر ہے۔

انھوں نے کہا ہمارا پہلا مقصد ایشز ٹرافی کو برقرار رکھنا تھا اور دوسرا مقصد سیریز جیتنا ہے۔

واضح رہے کہ مانچیسٹر میں کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

انگلینڈ میں جاری پانچ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز کے دو میچ ابھی باقی ہیں۔

انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ نے آسٹریلیا کو لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 347 رنز سے شکست دے تھی جبکہ ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے پہلے ایشز ٹیسٹ میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 14 رنز سے ہرایا تھا۔

اسی بارے میں