ایشز: کرس راجرز کی شاندار سنچری

Image caption آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز نے تیرہ چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست ایک سو ایک رنز بنائے

ڈرھم میں جاری ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر دو سو بائیس رنز بنا لیے۔

دوسرے دن کے اختتام پر کرس راجرز اور میتھیوز ہیڈن کریز پر موجود تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آسٹریلیا کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے مذید سولہ رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں کرس راجرز نے اہم کردار ادا کیا۔

انھوں نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے تیرہ چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست ایک سو ایک رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز نے اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا۔

آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف انچاس رنز کے مجموعی سکور اس کے تین ابتدائی بلے باز آؤٹ ہو گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ نے چار جبکہ بریسنن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں دو سو اڑتیس رنز بنا کر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی۔

جیمز اینڈرسن اور ٹم بریسننن نے انگلینڈ کی جانب سے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

میچ کے دوسرے دن انگلینڈ کی ٹیم اپنے گزشتہ روز کے مجموعی سکور میں کوئی اضافہ نہ کر سکی۔

اس سے پہلے انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور جو روٹ نے پہلی اننگز کا آغاز کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک نے پانچ چوکوں کی مدد سے اکاون جبکہ ٹراٹ نے ایک چوکے کی مدد سے انچاس رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے چار، ریان ہیرس نے دو، جیکسن برڈ نے دو، شین واٹس اور پیٹر سڈل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعے کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

مانچسٹر میں کھیلا جانے والا ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تین سو سینتالیس رنز جبکہ ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو چودہ رنز سے ہرایا تھا۔

اسی بارے میں