ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

Image caption پاکستان کے لیے ایشیا کپ میں فتح حاصل کرنا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے لازمی ہے

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

محمد عمران ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ گول کیپر سلمان اکبر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ٹیم کے کوچ اختر رسول نے جمعرات کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

اختر رسول کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے لیے محمد عمران کو قومی ٹیم کا کپتان بر قرار رکھا گیا ہے جبکہ سلمان اکبر کو دوبارہ موقع فراہم کیا گیا ہے۔

ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ، وسیم احمد، توثیق احمد، ارشد محمود، فرید خان ، وقاص شریف ، شفقت رسول، شکیل عباسی، عبدالحسیم خان، فرید خان ، عامر شہزاد، زبیر ، علی شان ، دلبر اور عمر بھٹہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 24 اگست سے یکم ستمبر تک کھیلا جائے گا اور اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

یہ ٹورنامنٹ اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ اس کی فاتح ٹیم 2014 میں ہونے والے ہاکی کے عالمی کپ میں حصہ لینے کی اہل ہوگی۔

اسی بارے میں