محمد فرح 5000 میٹر کی ریس کے بھی فاتح

Image caption محمد فرح نے پانچ ہزار میٹر کی ریس 13 منٹ اور 27 سکینڈز میں جیتی

طویل فاصلے کی دوڑ کے انگلش ایتھلیٹ محمد فرح نے ماسکو میں جاری ایتھلیٹکس کے عالمی مقابلوں میں مردوں کی پانچ ہزار میٹر کی ریس میں بھی طلائی تمغہ حاصل کر لیا ہے۔

وہ اس سے قبل ان مقابلوں کے پہلے ہی دن دس ہزار میٹر کی ریس بھی جیت چکے ہیں۔

جمعہ کو پانچ ہزار میٹر کی ریس میں فرح نے مقررہ فاصلہ 13 منٹ اور 27 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ اس ریس میں انہیں کینیا کے ایسیا کویچ سے سخت مقابلے کا سامنا رہا جو اس ریس میں دوسرے نمبر پر آئے۔

انھوں نے بی بی سی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اپنے کیریئر میں ایسا کچھ کر پاؤں گا۔ یہ بہت مشکل تھا اور فیصلہ آخری دو چکروں میں ہوا۔ مجھ پر بہت زیادہ دباؤ تھا لیکن ساتھ ہی ساتھ میں اس سے لطف اندوز بھی ہو رہا تھا۔‘

تیس سالہ محمد فرح دنیا کے دوسرے ایسے ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے اولمپکس اور ایتھلیٹکس کے عالمی مقابلوں میں یہ دونوں ریسیں جیتی ہیں۔ وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پہلے برطانوی بھی ہیں۔

ان سے پہلے یہ اعزاز صرف ایتھوپیا کے کینینیسا بیکیلی کو حاصل تھا جنہوں نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس اور پھر برلن میں عالمی چیمپئن شپ میں ان دونوں دوڑوں میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

صومالی نژاد برطانوی شہری فرح نے ایک سال قبل لندن اولمپکس میں دس اور پانچ ہزار میٹرز دونوں دوڑیں جیتی تھیں جبکہ دو ہزار گیارہ کے عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں میں انہوں نے پانچ ہزار میٹر کی ریس میں طلائی اور دس ہزار میٹر کی ریس میں نقرئی تمغہ حاصل کیا تھا۔

.

اسی بارے میں