شراپووا نے کونرز کو کوچ کے عہدے سے ہٹا دیا

Image caption ٹینس کی سٹار کھلاڑی ماریہ شراپووا نے جمی کونرز کو جولائی میں اپنا نیا کوچ مقرر کیا تھا

ٹینس کی سٹار کھلاڑی ماریہ شراپووا نے آٹھ بار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے معروف کھلاڑی جمی کونرز کو بطور کوچ ہٹا دیا ہے۔

جمی کونرز صرف ایک میچ کے لیے ہی شراپووا کے کوچ رہے۔

ٹینس کی سٹار کھلاڑی ماریہ شراپووا نے جمی کونرز کو جولائی میں اپنا نیا کوچ مقرر کیا تھا۔

روسی ٹینس سٹار سنسناتی اوپن میں امریکی کھلاڑی سلون سٹیفنز سے ابتدائی راؤنڈ ہی میں ہار گئی ہیں۔

شراپووا نے ایک بیان میں کہا ہے ’یہ کامبینیشن اس وقت میرے لیے درست نہیں ہے۔‘

ساٹھ سالہ جمی کونرز نے سٹینڈ سے شراپووا کا میچ دیکھا جس میں شراپووا نے ساٹھ غلطیاں کیں۔

شراپووا نے ساٹھ سالہ جمی کونرز کے ساتھ معاہدہ کرتے وقت کہا تھا کہ ان کے اس وقت کے کوچ ہوگسٹیڈ مستقبل میں سفر کرنے کے قابل نہیں تھے۔

اپنے سابق کوچ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے شراپووا نے کہا ’قریب تین سال تک ساتھ کام کرنے کے بعد تھامس ہوگسٹیڈ اور میں نے اپنے اپنے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کیاہے۔‘

یاد رہے کہ شراپووا نے سنہ 2008 میں آسٹریلین اوپن سے قبل امریکی ٹینس کھلاڑی جمی کونرز کے ساتھ کام کیا تھا۔

انھوں نے سنہ 2004 اور 2008 کے درمیان تین گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتے اور پھر سنہ 2012 میں فرنچ اوپن میں بھی کامیابی حاصل کی۔

اس سے قبل جمی کونرز نے اینڈی راڈک کو کوچ کیا تھا۔

کونرز نے راڈک کو سنہ 2006 میں یو ایس اوپن کے فائنل تک پہنچنے میں مدد کی تھی۔ ان کی تربیت میں راڈک سنہ 2007 کے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے تھے اور مارچ سنہ 2008 میں علیحدہ ہونے سے قبل انھوں نے راڈک کو ومبلڈن اور یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنلز میں پہنچنے میں بھی مدد کی تھی۔

جمی کونرز نے پانچ بار یو ایس اوپن، دو بار ویمبلڈن اور ایک بار آسٹریلين اوپن کا ٹائیٹل جیتا ہے۔

وہ جولائی سنہ 1974 سے اگست سنہ 1977 تک ٹینس کے نمبر ایک کھلاڑی رہے تھے۔

اسی بارے میں