کاکا ریئل میڈرڈ سے واپس اے سی میلان

کاکا
Image caption کاکا نے برازیل کے لیے ستاسی میچ کھیلے اور انتیس گول کیے۔ انہوں نے تین عالمی کپ بھی کھیلے۔

برازیل کے فٹ بالر ریکارڈو کاکا سپینش فٹبال کلب ریئل میڈرڈ چھوڑ کر دوبارہ اپنے پرانے کلب اے سی میلان میں واپس آگئے ہیں۔

اکتیس سالہ فارورڈ پلیئر جب سنہ دو ہزار نو میںریئل میڈرڈ میں آئے تو انہیں پانچ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر دیے گئے لیکن کہا جا رہا ہے کہ میلان میں ان کی واپسی بغیر معاوضے میں اضافے کے ہوئی ہے۔

سنہ دو ہزار سات میں سال کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے کاکا نے میلان کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کیا ہے۔

ان کے کلب چھوڑنے کی ایک وجہ گیرتھ بیل کا کلب میں شامل ہونا تھا جن کے آ جانے کے بعد کاکا کو ٹیم میں مزید پیچھے کھیلنا پڑتا۔

ریئل میڈرڈ کے صدر فلورینٹینو پیریز، اے سی میلان کے نائب صدر ایڈریانو گیلیانی اور کاکا میں ہونے والی بات چیت پیر کی صبح تک جاری رہی۔

اے سی میلان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ گذشتہ رات دونوں کلبز میں روایتی خوشگوار تعلقات کی بدولت ریال مڈریڈ اور میلان کے درمیان ریکارڈو کاکا کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا۔‘

ساؤ پاؤلو سے نکلنے کے بعد میلان کے ساتھ اپنے چھ سالہ دور میں دو ہزار تین میں نوجوان کاکا نے چیمپیئنز لیگ اور اٹالین فٹ بال چیمپئین جیتی اور سنہ دو ہزار سات میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز ’بیلن ڈی اور‘ جیتا ۔

ریئل میڈرڈ کے ساتھ کھیلتے ہوئے انہوں نے پرمیئرا ڈیویژن ٹرافی، کوپا ڈیل رے، اور سپینیش سپر کپ جیتا۔

کاکا نے برازیل کے لیے ستاسی میچ کھیلے اور انتیس گول کیے۔ انہوں نے تین عالمی کپ بھی کھیلے۔

اسی بارے میں