ریسلنگ کی اولمپک کھیلوں میں واپسی

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ریسلنگ کو دوبارہ اولمپک کھیلوں میں شامل کر لیا ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے رواں سال فروری میں ریسلنگ کو 2020 اولمپک کھیلوں سے خارج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اولمپک کمیٹی نے بیس بال، سافٹ بال اور سکوائش کو اولمپک کھیلوں میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹوکیو 2020 اولمپک کھیلوں کا میزبان

ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس ایریس میں انٹرنیشنل اولپمک کیمٹی کے اراکین نے خفیہ الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے ریسلنگ کو دوبارہ بحال کر دیا۔

اولمپک کمیٹی نے سنیچر کے روز 2020 اولمپک کھیلوں کے انعقاد کے لیے ٹوکیو کا انتخاب کیا تھا۔

ریسلنگ جو قدیم اولمپک مقابلوں میں بھی شامل تھی کو 2020 کھیلوں سے نکال دیا گیا تھا لیکن اب وہ واپس مقابلوں کا حصہ بن گئی ہے۔

انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی نے سکوائش کو اولمپک مقابلوں میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

سکوائش تیسری بار انٹرنشینل اولمپک کمیٹی کے تین چوتھائی ممبران کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ 2005 میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ممبران کی اکثریت نے سکوائش کے حق میں ووٹ دیا لیکن مطلوبہ تین چوتھائی ممبران کی حمایت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے سکوائش کو اولمپک مقابلوں میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

ورلڈ سکوائش فیڈریشن کے صدر نریانا رام چندرن نے کہا کہ انٹرنیشنل اولمپک کیمٹی کے فیصلے نے دنیا میں سکوائش کے لاکھوں کھلاڑیوں کے دل توڑ دیئے ہیں۔