’اب ریال میڈرڈ ہی میرا گھر ہے‘

Image caption اٹھائیس سالہ رونالڈو کو سالانہ ایک کروڑ ستّر لاکھ یورو معاوضہ ملے گا

ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے پرتگالی سٹرائیکر کرسچیانو رونالڈو نے کلب سے اپنے معاہدے کی تجدید کا فیصلہ کیا ہے۔

رونالڈو کے ریال میڈرڈ سے معاہدے کے اختتام پر ان کی اپنے سابق برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی کی خبریں گرم تھیں۔

ریال میڈرڈ کے مطابق رونالڈو کے معاہدے کی تجدید کے نتیجے میں اب وہ جون 2018 یعنی مزید تقریباً پانچ برس کلب کا حصہ رہیں گے۔

ہسپانوی میڈیا کے مطابق اٹھائیس سالہ رونالڈو کو سالانہ ایک کروڑ ستّر لاکھ یورو معاوضہ ملے گا۔

اتوار کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ ’مانچسٹر یونائیٹڈ میرا ماضی تھا، اب ریال میڈرڈ ہی میرا گھر ہے۔ میں یہاں مزید پانچ برس کے لیے ہوں اور کلب کے لیے مزید ٹرافیاں جیتنا چاہتا ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا ’میں ان تمام کلبوں کا احترام کرتا ہوں جنہوں نے مجھ میں دلچسپی لی لیکن وہ ہمیشہ سے میرا فیصلہ جانتے تھے کہ میرا واحد مقصد یہاں رہنا اور شاید اپنے کیریئر کے اختتام تک اس کلب کے لیے کھیلنا ہے۔‘

رونالڈو کے معاہدے کے تجدید ریال میڈرڈ کی جانب سے دس کروڑ یورو کے ریکارڈ معاوضے کے عوض برطانوی کلب ٹوٹہنم کے کھلاڑی گیرتھ بیل کی خدمات کے حصول کے بعد کی گئی ہے۔

کرسچیانو رونالڈو 2009 میں 80 ملین پاؤنڈ کی رقم کے عوض ریال میڈرڈ کا حصہ بنے تھے جو کہ اس وقت ایک ریکارڈ تھی۔ اس کلب کے لیے انہوں نے اب تک 203 گول کیے ہیں۔

اسی بارے میں