مانچسٹر ڈربی میں مانچسٹر سٹی کی جیت

یایا ٹورے
Image caption یایا ٹورے نے مانچسٹر سٹی کی جانب سے دوسرا گول کیا

برطانوی کلبوں کے فٹبال مقابلے انگلش پریمیئر لیگ میں روایتی حریف ٹیموں مانچسٹر یونائیٹڈ اور مانچسٹر سٹی کے درمیان اس سیزن کا پہلا ’ڈربی‘ میچ مانچسٹر سٹی نے جیت لیا۔

برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے اتحاد سٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں مانچسٹر سٹی نے ایک کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل کی۔

یہ گزشتہ سیزن کی فاتح مانچسٹر یونائیٹڈ کے نئے مینیجر ڈیوڈ موئیز کے کلب کیریئر کی پہلی ’ڈربی‘ تھی تاہم ان کی ٹیم کو ایک بڑے فرق سے شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی۔

میچ کے پہلے ہاف میں مانچسٹر سٹی نے سرجیو آگویرو اور پھر یایا ٹورے کے گولوں کی بدولت سبقت حاصل کی۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی پہلے آگویرو اور پھر نصری نے مزید دو گول کر کے ٹیم کی برتری چار گول کر دی۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے میچ کا واحد گول وین رونی نے فری کک پر کیا۔

اس میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو اپنے اہم سٹرائیکر روبن وین پرسی کی خدمات حاصل نہیں تھیں جو زخمی ہونے کی وجہ سے یہ میچ نہیں کھیل پائے۔

مانچسٹر سٹی کے نئے مینیجر پیلیگرینی کا اس فتح پر کہنا تھا کہ یہ وہ میچ تھا جو سٹی کو جیتنا لازمی تھا اور انہوں نے ایسا کیا۔

یہ انتالیس برس میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہوم گراؤنڈ پر مانچسٹر سٹی کی صرف چوتھی فتح ہے۔

اس شکست کے نتیجے میں اب تک ڈیوڈ موئیز سیزن میں ٹیم کے اب تک کے تین مشکل ترین مقابلوں میں سے ایک بھی جتوانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر جہاں چیلسی کے خلاف میچ برابر کیا وہیں اسے لیورپول اور اب مانچسٹر سٹی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ اب انگلش پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر آ گئی ہے جبکہ مانچسٹر سٹی تیسرے نمبر پر ہے

اسی بارے میں