طویل القامت بولروں کی ٹیم میں شمولیت

Image caption انگلش سلیکٹروں کے خیال میں بوائڈ رینکن کا قد اور بولنگ سپیڈ آسٹریلیا کی فاسٹ وکٹوں پر انتہائی مفید ثابت ہو گی

انگلینڈ نے نومبر میں آسٹریلیا میں شروع ہونے والی ایشز سیریز کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ سلیکٹروں نے دو طویل القامت فاسٹ بولروں، کرس ٹریملیٹ اور آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر بوائڈ رینکن کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

انگلش سلیکٹروں نے یارکشائر کاؤنٹی کے ساتھ کھیلنے والے بیٹسمین گیری بیلنس کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ زمبابوے میں پیدا ہونے والے 23 سالہ گیری بیلینس نے ابھی تک ایک ون ڈے میچ میں انگلینڈ کی نمائندگی ہے کی ہے، تاہم وہ اس میچ میں کوئی رن نہیں بنا سکے تھے۔

ایشز سیریز کا پہلا میچ 22 نومبر کو برزبین میں شروع ہو گا جبکہ سیریز کا پانچواں ٹیسٹ دو جنوری کو سڈنی میں شروع ہو گا۔

آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے بوائڈ رینکن نے رواں سال ہی انگلینڈ کے لیے کھیلنے کے لیے دستیاب ہوئے ہیں۔ چھ فٹ سات انچ قد والے بوائڈ رینکن کاؤنٹی کرکٹ میں عمدہ بولنگ کرتے رہے ہیں۔ سیلکٹروں کا خیال ہے کہ وہ اپنے قد کی وجہ سے آسٹریلیا کی باؤنسی وکٹوں پر عمدہ بولنگ کر پائیں گے۔

اس کے علاوہ نیوزی لینڈ میں پیدا ہونے والے آل راونڈر بین سٹروک کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹیم میں سپن بولر مونٹی پانیسر کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ 48 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مونٹی پانیسر کو کچھ ماہ پہلے برائٹن کے ایک شراب خانے میں محافظوں کے ساتھ جھگڑے کے بعد شدید تنقید کا سامنا تھا۔ چیف سیلکٹر نے کہا ہے مونٹی پانیسر تسلیم کرتے ہیں کہ ان سے غلطی ہوئی ہے اور وہ اپنے رویے کو بہتر کریں گے۔

سلیکٹروں نے آل راؤنڈر ٹم بریسنن اور میڈیم فاسٹ بولر گراہم اونین کو ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔

بی بی سی کے کرکٹ نامہ نگار جوناتھن ایگنیو نے ٹیم کی سلیکشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بیٹسمین گیری بیلنس کی ٹیم میں شمولیت کی وجہ سے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے جانی بیرسٹو پر دباؤ بڑھے گا۔

جوناتھن ایگنیو کے مطابق اگر گیری بیلنس نے ٹور کے سائڈ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو سیلکٹر ان کے نام پر غور پر مجبور ہو جائیں گے۔

البتہ جانی بیرسٹو ابھی تک ٹیسٹ کے لیے فیورٹ ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے کوئی بڑا سکور نہیں کیا ہے۔ جانی بیرسٹو وکٹ کیپر میٹ پرائر کے ان فٹ ہونے کی صورت میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم: ایلسٹر کک (کپتان) جو روٹ، جوناتھن ٹراٹ، کیون پیٹرسن، ایئن بیل، گیری بیلنس ، مائیکل کاربری، جانی بیرسٹو، بین سٹروک، میٹ پرائر، سٹورٹ براڈ، گریم سوان، جیمز اینڈرسن، مونٹی پانیسر، سٹیون فن، بوائڈ رینکن، کرس ٹریملٹ۔

اسی بارے میں