پاکستان:ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا شیڈول جاری

Image caption سیزن کا آغاز تیئس اکتوبر کو قائداعظم ٹرافی اور پریذیڈنٹ ٹرافی سے ہوگا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال دو ہزار تیرہ چودہ کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

اس سال فرسٹ کلاس کرکٹ سیزن میں پچیس ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر ایک سو سترہ چار روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔

اس کے علاوہ سیزن میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز اس کے علاوہ ہوں گے۔

’باصلاحیت کرکٹ کھلاڑیوں کا ملنا اب دشوار‘

سیزن کا آغاز تئیس اکتوبر کو قائداعظم ٹرافی اور پریذیڈنٹ ٹرافی سے ہوگا۔

قائداعظم ٹرافی میں مختلف شہروں کی چودہ ٹیمیں حصہ لیں گی جن کے درمیان مجموعی طور پر اکسٹھ میچز کھیلے جائیں گے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی تئیس اکتوبر سے گیارہ فروری تک کھیلی جائے گی اس ٹورنامنٹ میں گیارہ ڈیپارٹمنٹس کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن کے درمیان سنگل لیگ کی بنیاد پر چھپن میچز کھیلے جائیں گے۔

ریجنل ٹیموں کا ایک روزہ ٹورنامنٹ اٹھائیس اکتوبر سے یکم جنوری تک ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں چودہ ٹیمیں پنتالیس میچز کھیلیں گی۔

گیارہ ڈپارٹمنٹس پریذیڈنٹ کپ ایکروزہ ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔ اٹھائیس اکتوبر سے چار فروری تک کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں میچز کی تعداد چھپن ہوگی۔

شائقین کا مقبول ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بیس سے انتیس نومبر تک کھیلا جائے گا جس میں سترہ ریجنل ٹیمیں کھیلیں گی۔

ڈیپارٹمنٹس کا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اٹھارہ سے چوبیس فروری تک کھیلا جائے گا۔

اس سیزن میں انڈر 19 کے بھی دو ٹورنامنٹس رکھے گئے ہیں۔

سیزن کا اختتام پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹورنامنٹ پر ہوگا جو یکم سے اکتیس مارچ تک کھیلا جائے گا۔

گذشتہ سیزن میں کراچی بلوز نے قائداعظم ٹرافی جیتی تھی جبکہ سوئی گیس کی ٹیم پریذیڈنٹ ٹرافی کی فاتح بنی تھی۔

اسی بارے میں