محمد حفیظ ٹیسٹ ٹیم سے باہر

محمد حفیظ
Image caption محمد حفیظ نے آخری پانچ ٹیسٹ میچوں میں صرف 102 رنز بنائے ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بارہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں محمد حفیظ کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم چودہ اکتوبر کو ابو ظہبی میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

پاکستان کی ٹوئنٹی ٹوئٹنی ٹیم کے بتیس سالہ کپتان محمد حفیظ نے جنوبی افریقہ کے خلاف فروری میں کھیلے جانے والے تین ٹیسٹ میچوں میں صرف 43 رنز بنائے تھے اور گزشتہ ماہ زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں صرف 59 رنز بنا سکے تھے۔ اس طرح انہوں نے آخری پانچ ٹیسٹ میچوں میں صرف 102 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کی اے ٹیم آٹھ اکتوبر کو جنوبی افریقہ کہ خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی جس کے بعد مزید تین کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 23 اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ میچوں کے علاوہ دونوں ٹیمیں پانچ ون ڈے اور دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی بھی کھیلیں گی جن کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستانی ٹیم: مصباح الحق (کپتان)، خرم منظور، اظہر علی، یونس خان، عمر امین، عدنان اکمل، سعید اجمل، ذوالفقار بابر، عبدالرحمان، جنید خان، محمد عرفان، راحت علی۔

اسی بارے میں