بکنگھم پیلس میں تاریخی فٹبال میچ کا انعقاد

Image caption کوشش کی جا رہی ہے کہ اس میدان کی گھاس کا ڈیزائن ویمبلی سٹیڈیم کی گھاس جیسا ہو

برطانیہ میں فٹ بال ایسوسی ایشن کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر برطانوی ملکہ کی سرکاری رہائش گاہ بکنگھم پیلس میں پہلی بار ایک باضابطہ فٹبال میچ منعقد کیا جائے گا۔

یہ میچ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ڈیوک آف کیمبرج کی تجویز پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس میچ میں لندن کے دو فٹ بال کلب شرکت کریں گے، جس میں 1863 میں بنائی گئی فٹ بال ایسوسی ایشن کے بانی کلبوں میں سے واحد بچنے والے کلب سول سروس ایف سی کا مقابلہ 1875 میں بنائے گئے پولی ٹیکنک فٹ بال کلب سے ہوگا۔

شہزادہ ولیم اس میچ کے میزبان ہوں گے اور 150 رضاکاروں کو تمغے دیں گے۔

ملکہ کی ہدایت پر ویمبلی سٹیڈیم کے گراؤنڈزمین ٹونی سٹونز نے محل کے 29 ایکڑ کے باغ میں 100 میٹر لمبا اور 60 میٹر چوڑا فٹ بال گراؤنڈ تیار کیا ہے۔

گارڈن پارٹیاں اور تخت پوشی کے فیسٹیول سمیت موسمِ گرما کی بہت سی تقریبات کے بعد باغ کی مرمت کے لیے خاص کام کیا گیا ہے جس میں گھاس کی بیجائی بھی شامل ہے۔

Image caption یہ میچ فٹ بال اسوسی ایشن کی ’گراس روٹس ہیروز ڈے‘ کی تقریبات میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے

گذشتہ ماہ گراؤنڈ تیار ہونا شروع ہوگیا تھا۔ تب سے گراؤنڈ میں گھاس کی ہفتے میں تین بار کٹائی کی جا رہی ہے تاکہ اس کا ڈیزائن ویمبلی سٹیڈیم کی گھاس جیسا ہو۔ تاہم محل کے باغ کی گھاس کی قسم اصل سٹیڈیم سے قدرے مختلف ہے۔

اس میچ کے ریفری 2010 میں جنوبی افریقہ میں عالمی کپ کے فائنل کے ریفری پریمیئر لیگ کے ہاورڈ ویب ہوں گے۔

اس میچ کے لیے سول سروس فٹ بال کلب کا انتخاب گیا تھا جب کہ اسی کلب کی تجویز پر مغربی لندن کے پولی ٹیکنک فٹ بال کلب کو مقابلے کے لیے چنا گیا۔

پولی ٹیکنک ایف سی کے مینجر جیف براؤن کا کہنا تھا: ’ان دو کلبوں کے درمیان پہلا میچ 120 سال قبل ہوا تھا۔ ان دونوں کے درمیان مقابلوں کی طویل تاریخ موجود ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہماری تنظیم تو آج تک کام میں انتہائی مصروف رہی ہے۔ ابھی ہمیں کچھ وقت ملا ہے اور اس موقعے کی اہمیت کا احساس ہو تاکہ ہم اس کے لیے تیار ہو سکیں۔‘

’ٹیموں کے حتمی اعلان کو ابھی ایک ہفتہ ہی ہوا ہے۔ اسی لیے لوگوں کو پتہ نہیں تھا کہ وہ شرکت کریں گے یا نہیں مگر اب سارے پرجوش ہیں۔‘

’ان سب کو معلوم ہے کہ وہ ایک تاریخی اور منفرد موقع میں شریک ہیں۔‘

یہ میچ فٹ بال ایسوسی ایشن کی ’گراس روٹس ہیروز ڈے‘ کی تقریبات میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔ ’گراس روٹس ہیروز ڈے‘ کا مقصد مقامی کلبوں، ریفریوں، کوچوں اور دیگر اہلکاروں کی رضاکارانہ کوششوں کو سراہنا ہوتا ہے۔

اسی بارے میں