سہ روزہ میچ کل سے شارجہ میں

پاکستان اے ٹیم کے کپتان عمر امین
Image caption عمر امین پاکستان اے ٹیم کے کپتان ہیں

جنوبی افریقہ اور پاکستان اے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سہ روزہ میچ منگل سے شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہو رہا ہے۔ عمر امین پاکستان اے کی قیادت کر رہے ہیں۔

اس میچ میں کھیلنے والے ٹیم میں سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کے لیے تین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ سلیکٹرز پہلے ہی بارہ ناموں کا اعلان کر چکے ہیں جن میں صرف ایک اوپنر خرم منظور شامل ہیں۔

یہ بات یقینی دکھائی دیتی ہے کہ احمد شہزاد کو دوسرے اوپنر کے طور پر منتخب کیا جائے گا۔

اس سہ روزہ میچ میں سلیکٹرز اسد شفیق اور فیصل اقبال کی کارکردگی بھی دیکھنا چاہتے ہیں جس کے بعد ہی ان میں سے کوئی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکے گا۔

اسد شفیق اس سال جنوبی افریقہ کے خلاف ایک سنچری کے علاوہ خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

فیصل اقبال سری لنکا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے دوروں میں ٹیم میں شامل رہے لیکن کھیلے بغیر واپس آ گئے۔

جنوبی افریقہ اور پاکستان کی ٹیمیں ابو ظہبی پہنچ چکی ہیں۔

Image caption ٹیسٹ سکواڈ میں خرم منظور کے علاوہ ابھی کسی دوسرے اوپنر کا نام شامل نہیں کیا گیا ہے

جنوبی افریقہ کے کوچ رسل ڈومینگو نے متحدہ عرب امارات کی سپن بولنگ کے لیے مددگار وکٹوں کے باوجود اپنے فاسٹ بولرز کو مؤثر ہتھیار قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اوپنرز کے خلاف تیز بولرز کی کارکردگی سیریز کی سمت متعین کرنے کے لیے اہم ہوگی۔

ڈومینگو نے لیفٹ آرم سپنر ذوالفقار بابر کے بارے میں کہا ہے کہ ان کی بولنگ کا بغور جائزہ لیتے ہوئے ہوم ورک کرنے کی ضرورت ہوگی۔

ذوالفقار بابر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور قومی تربیتی کیمپ کے پریکٹس میچ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا میچ چودہ اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

تئیس سے ستائیس اکتوبر تک ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اے ٹیم: شان مسعود، احمد شہزاد، اظہر علی، فیصل اقبال، اسد شفیق، احسان عادل، احمد جمال، اکبر الرحمن، عثمان قادر، یاسر شاہ، صہیب مقصود، اعزاز چیمہ، عمران خان اور محمد رضوان۔

اسی بارے میں