شائقین بڑی تعداد میں آئیں اور حوصلہ افزائی کریں: مصباح

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی خواہش ہے کہ دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شائقین بڑی تعداد میں آئیں اور پاکستانی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ بدھ کے روز سے دبئی میں شروع ہورہا ہے۔

پاکستان نے ابوظہبی میں کھیلے جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔

زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ میچز کی ضرورت

کون کہتا ہے ٹیم میں نوجوان کرکٹرز نہیں؟

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ابوظہبی میں پاکستانی ٹیم کو شائقین کی بھرپور حمایت حاصل رہی جس کے سبب کھلاڑیوں کو بھی اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے زبردست حوصلہ ملا اور اب دبئی کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ان کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ اس کارکردگی کو دہرائیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ ابوظہبی ٹیسٹ کے چاروں دن شائقین کا زبردست جوش وخروش دیکھ کر انہیں اس لیے بھی خوشگوار حیرت ہوئی کیونکہ عام طور پر تماشائی صرف ون ڈے میں اس طرح کی غیرمعمولی دلچسپی دکھاتے ہیں۔

مصباح الحق کو یقین ہے کہ شائقین ٹیسٹ میچ میں مفت داخلے کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اور پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی جیت کے بعد بڑی تعداد میں دبئی اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔

دبئی اسٹیڈیم دوسرے ٹیسٹ میچ کے علاوہ دوسرے ون ڈے اور پھر سیریز کے دونوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی بھی کرے گا۔

دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم کے بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ ذاتی وجوہ کی بنا پر وطن واپس چلے گئے ہیں۔

جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر محمد موسی جی کے مطابق یہ کہنا مشکل ہے کہ ایلن ڈونلڈ ٹیم میں واپس آئیں گے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولرز کی مدد کے لیے ونسنٹ بارنز پیر کے روز دبئی پہنچ رہے ہیں۔ بارنز جنوبی افریقی ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں اور اس وقت سلیکٹر ہیں۔

جنوبی افریقی ٹیم کے اوپنر ہاشم آملا بچے کی متوقع ولادت کے سبب پہلے ہی وطن واپس جاچکے ہیں تاہم ان کی ٹیم کو توقع ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ تک دبئی لوٹ سکتے ہیں۔

ہاشم آملا نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری اسکور کی تھی۔

اسی بارے میں