ویٹل لگاتار چوتھی مرتبہ فارمولا ون ریسنگ کے چیمپیئن

جرمن ریس ڈرائیور اور ریڈ بل ٹیم کے رکن سباسچین ویٹل نے انڈین گراں پری فارمولا ون ریس جیت کر لگاتار چوتھی مرتبہ فارمولا ون چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

یہ اس ریسنگ سیزن میں ان کی مسلسل چھٹی اور کل دسویں کامیابی تھی۔

بھارتی دارالحکومت دلی سے ملح‍ق گریٹر نوئیڈا کے بودھ انٹرنیشنل سرکٹ پر اتوار کو منعقد ہونے والی تیسری انڈین گراں پری میں مرسیڈیز کے نکول روزنبرگ دوسرے اور لوٹس کے رومین گروسین تیسرے نمبر پر رہے۔

26 سالہ ویٹل فارمولا ون ریسنگ کی تاریخ میں چار مرتبہ چیمپیئن بننے والے چوتھے اور سب سے کم عمر فرد ہیں۔ ان سے پہلے جوین مینوئل فینگیئو، الین پراسٹ اور مائیکل شومیکر یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

سیزن میں سرِفہرست رہنے کے لیے ویٹل کو اس ریس میں ابتدائی پانچ پوزیشنوں پر آنا ضروری تھی جبکہ ان کے قریب ترین حریف سپین کے فرنینڈو الونزو کے لیے پہلی یا دوسری پوزیشن حاصل کرنا لازم تھا۔

تاہم ریس کے آغاز میں ہی ایک معمولی حادثے کی وجہ سے الونزو کی یہ خواہش ناتمام رہی اور وہ گیارہویں نمبر پر رہے۔

ویٹل سنیچر کو اس ریس کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بھی اول آئے تھے اور انہیں ریس کے لیے پول پوزیشن ملی تھی۔

بھارت میں فارمولا ون ریسنگ کی شروعات دو سال پہلے ہوئی تھی اور اب تک یہ ہر مرتبہ ویٹل ہی یہاں فاتح رہے ہیں۔

انڈین گراں پری کو 2014 کے فارمولا ون ریسنگ کیلینڈر میں جگہ نہیں ملی ہے تاہم بودھ سرکٹ کے منتظمین 2015 میں ریس کروانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اسی بارے میں