میرپور: روبیل کی ہیٹ ٹرک، بنگلہ دیش فاتح

میرپور میں بارش سے متاثرہ میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت 43 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس فتح کی خاص بات بنگلہ دیش کے روبیل حسین کی تباہ کن بولنگ تھی جنہوں نے چھ وکٹیں لیں جن میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔

منگل کو پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اس کا آغاز اچھا نہ تھا۔

تاہم مشفق الرحیم اور نعیم اسلام کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے سو رنز سے زائد کی شراکت نے بنگلہ دیش کو 265 رنز کے مجموعے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مشفق الرحیم دس رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے جبکہ نعیم نے 84 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے نیشم چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔

بارش کی وجہ سے فتح کے لیے نیوزی لینڈ کو 33 اوورز میں 206 رنز کا ہدف دیا گیا لیکن کیوی بلے باز روبیل حسین کی عمدہ بولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایلیٹ 71 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

روبیل حسین نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی اور اس دوران اینڈرسن، میککلم اور نیشم کو لگاتار تین گیندوں پر آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

اس سیریز کا اگلا میچ جمعرات کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ دونوں ممالک کے مابین بنگلہ دیش میں کھیلی جانے والی گزشتہ ایک روزہ سیریز میزبان ٹیم نے چار صفر سے جیتی تھی۔