مصباح الحق دو ہزار پندرہ تک کپتان رہیں گے

Image caption مصباح الحق پر تنقید بڑھ گئی ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں کپتان مصباح الحق کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دو ہزار پندرہ کے ورلڈ کپ تک کپتان رہیں گے۔

ابو ظہبی میں جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان ٹیم کی مایوسکن کارکردگی کے بعد مصباح الحق کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا لیکن نجم سیٹھی کی طرف سے اس بیان کے بعد ان پر دباؤ میں کمی ہوگی۔

کئی سابق کھلاڑیوں اور کرکٹ ناقدین نے مصباح کی کپتانی پر اعتراضات کرنا شروع کر دیے تھے اور سابق کپتان رمیز راجہ نے مصباح کو ’سپائن لیس‘ یعنی ایک غیر جرات مند کپتان قرار دیا تھا۔

بورڈ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین کو کپتان پر مکمل اعتماد ہے اور وہ سنہ دو ہزار پندرہ تک پاکستان ٹیم کی کپتانی کرتے رہے گے۔

پاکستان کی ٹیم زمبابوے کے خلاف بھی ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کر پائی تھی جس کے بعد مصباح الحق کی کپتانی پر تنقید میں تیزی آئی تھی۔

مصباح الحق گزشتہ سال پاکستان میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی ہیں۔