دوسرے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کا اچھا آغاز

Image caption شین واٹسن دوسری وکٹ کے لیے 121 رنز کی اہم شراکت میں حصہ دار بنے

ایشز سیریز کے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنا لیے ہیں۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو کپتان مائیکل کلارک اور بریڈ ہیڈن کریز پر موجود تھے۔

جمعرات کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اسے ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر جب آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کا سکور 33 رنز تھا۔ اس موقع پر شین واٹسن نے اوپنر راجرز کے ساتھ مل کر 121 رنز کی عمدہ اور اہم شراکت قائم کی۔

اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ اس شراکت کا خاتمہ جیمز اینڈرسن نے واٹسن کو 51 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے کیا جبکہ اس وقت آسٹریلیا کا سکور 155 رنز تھا۔

اسی سکور پر راجرز بھی گریم سوان کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

مجموعی سکور میں 19 رنز کے اضافے کے بعد میزبان ٹیم کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب سٹیون سمتھ کو مونٹی پنیسر نے صرف چھ رنز پر آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد کپتان مائیکل کلارک نے جارج بیلی کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا اور پانچویں وکٹ کے لیے 83 رنز بنائے۔

پہلے دن کے اختتامی اوورز میں سٹورٹ براڈ نے بیلی کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پانچویں کامیابی دلوائی۔ بیلی نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔

خیال رہے کہ اس سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ برسبین میں پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیانے انگلینڈ کو 381 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں