دبئی: پاکستان نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے ہرا دیا

Image caption شاہد آفریدی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 39 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے

دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی ٹیم نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹی ٹوئنٹی کی سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

اس سے پہلے سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شرجیل نے 34 جبکہ کپتان محمد حفیظ نے 32 رنز بنائے۔

شاہد آفریدی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 39 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے تلک رتنے دلشان اور کوشل پریرا نے اننگز کا آغاز کیا۔

سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف نو رنز کے مجموعی سکور پر دلشان سات بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب 41 رنز کے مجموعی سکور پر کوشل پریرا 15 رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

59 رنز پر سری لنکا کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب چندی مال کو شاہد آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، انھوں نے 22 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے اینجلو میتھیوز نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 جب کہ تھرمین نے 23 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل اور سہیل تنویر نے دو، دو جب کہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم کو متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے چھ پاکستان اور چار سری لنکا نے جیتے ہیں۔

دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ گزشتہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں مد مقابل ہوئی تھیں جس میں سری لنکا نے 16 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان کی ٹیم: احمد شہزاد، شرجیل خان، محمد حفیظ، شعیب مقصود، عمر امین، عمر اکمل، شاہد آفریدی، بلاول بھٹی، سہیل تنویر، سعید اجمل اور عثمان خان

سری لنکا کی ٹیم: تلک رتنے دلشان، کوشل پریرا، دنیش چندی مال، کمار سنگاکارا، اینجلو میتھیوز، تھرمین، تھشارا پریرا، کالو سیکرا، ملنگا اور مینڈس

اسی بارے میں