شرجیل اور حارث ون ڈے سکواڈ میں شامل

Image caption شرجیل خان پہلی مرتبہ ایک روزہ سکواڈ کا حصہ بنے ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کی 15 رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

اوپنر شرجیل خان کو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ البتہ ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل ذوالفقار بابر اور عثمان خان شنواری ون ڈے سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

مصباح الحق ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ جنوبی افریقہ کے دورے میں ایک روزہ میچوں میں ناکام رہنے والے اوپنر ناصر جمشید کے علاوہ مڈل آرڈر بلے باز عمر امین کو بھی ٹیم میں جگہ نہیں مل سکی۔

عمر امین کو پاکستان کرکٹ بورڈ مستقبل کا کپتان قرار دے چکا ہے اور اسی لیے انھیں جنوبی افریقہ کے خلاف شارجہ کے سائیڈ میچ میں کپتانی بھی دی گئی، لیکن وہ بیٹنگ میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

Image caption ناصر جمشید جنوبی افریقہ کے دورے میں ایک روزہ میچوں میں ناکام رہے تھے

اس سال عمر امین نے دس ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں سے صرف زمبابوے کے خلاف ایک میچ میں انھوں نے نصف سنچری بنائی۔ عمر امین کی جگہ سلیکٹرز نے حارث سہیل کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

بلے بازوں کے برعکس تیز بولر سہیل تنویر اوسط درجے کی بولنگ کارکردگی کے باوجود ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انھوں نے اس سال جنوبی افریقہ کے خلاف چھ ون ڈے میچوں میں صرف پانچ وکٹیں46.60 کی بھاری اوسط سے حاصل کی ہیں۔

پاکستانی ٹیم مصباح الحق، محمد حفیظ، احمد شہزاد، شرجیل خان، صہیب مقصود، حارث سہیل، اسد شفیق، عمر اکمل، شاہد آفریدی، سعید اجمل، عبدالرحمان، جنید خان، انورعلی، بلاول بھٹی اور سہیل تنویر پر مشتمل ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے 18 دسمبر کو شارجہ، دوسرا ون ڈے 20 دسمبر کو دبئی، تیسرا ون ڈے 22 دسمبر کو شارجہ، چوتھا ون ڈے 25 دسمبر کو ابوظہبی اور پانچواں ون ڈے 27 دسمبر کو ابوظہبی ہی میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں