ایشز: پرتھ ٹیسٹ میں سٹیون سمتھ کی سنچری

Image caption سٹیون سمتھ نے 13 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 103 رنز بنائے

پرتھ میں تیسرے ایشز ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے سٹیون سمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنا لیے ہیں۔

پہلے دن کھیل کے اختتام پر سٹیون سمتھ اور مچل جانسن کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 103 اور 39 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آسٹریلیا کی اننگز کی خاص بات سٹیون سمتھ کی عمدہ سنچری تھی۔ انھوں نے 13 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 103 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا۔ آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا اور ایک موقعے پر 143 رنز کے مجموعی سکور پر اس کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی۔

اس کے بعد سٹیون سمتھ اور بریڈ ہیڈن نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 124 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے سٹوارٹ براڈ اور گریم سوان نے دو دو جب کہ بین سٹوکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعے کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلیا میں جاری ایشز سیریز میں میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 218 رنز جب کہ برسبین ٹیسٹ میں 381 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں