پرتگال: کرسچیانو رونالڈو نے اپنا میوزیم کھول لیا

Image caption کرسچینانو رونالڈو مانچیسٹر یونائٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے سنہ 2008 میں بیلن ڈی اور کا اعزاز جیت چکے ہیں

پرتگالی فٹبالر اور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے سٹار فٹ بالر کرسچیانو رونالڈو نے اپنے اعزاز میں ایک میوزیم کھولا ہے۔

کرسچیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ اس میوزیم میں ان کی ٹرافیوں کے لیے علیحدہ کمرہ ہو گا۔

تصاویر: رونالڈو کا اپنا میوزیم

دنیائے فٹ بال کے معروف کھلاڑی 28 سالہ سٹرائیکر کرسچیانو رونالڈو دوسری بار ’بیلن ڈی اور‘ کا اعزاز جیتنے والوں کی شارٹ لسٹ میں دو دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ شامل ہیں۔

انھوں نے اس موقعے پر کہا: ’یہ بہت خاص دن ہے ، میں مزید انعام جیتنا چاہتا ہوں اور اگر میں نے بیلن ڈی اور کا اعزاز بھی جیت لیا تو میں اسے بھی اسی میوزیم میں رکھوں گا جس میں ٹرافیوں کے لیے علیحدہ کمرہ ہو گا۔‘

کرسچیانو رونالڈو کے اس میوزیم کی عمارت پانچ منزلہ ہے۔ گراونڈ فلور کی منزل ان کے مداحوں اور میڈیا رپورٹرز کے لیے مختص ہے۔

انھوں نے کہا: ’یہ میوزیم اس بات کا ثبوت ہے کہ میں نے کیا کیا جیتا ہے، کوئی اسے یہاں سے لے جا نہیں سکتا اور ان چیزوں کو میں اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں۔‘

کرسچینانو رونالڈو مانچیسٹر یونائٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے سنہ 2008 میں بھی بیلن ڈی اور کا اعزاز جیت چکے ہیں۔

کرسچیانو رونالڈو سنہ 2009 میں آٹھ کروڑ پاؤنڈ کا معاوضہ پا کر ریال میڈرڈ کا حصہ بنے تھے۔ یہ رقم اس زمانے میں ریکارڈ تھی۔ اس کلب کے لیے انھوں نے اب تک 203 گول کیے ہیں۔

رونالڈو سنہ 2009 میں تین پریمئیر لیگ، ایک چیمپئین لیگ، ایک ایف اے کپ، دو لیگ کپ اور ایک فیفا کا ایک عالمی کلب ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

رونالڈو کی کامیابی سپین میں بھی جاری رہی جہاں انھوں نے سنہ 2010، 2011 اور 2012 کے دوران چیلسی کے باس ہوزے مورینو کی قیادت میں کوپا ڈیل رے اور لا لیگا کپ بھی جیتا تھا۔

اسی بارے میں