شارجہ: پاکستان نے سری لنکا کو 11 رنز سے ہرا دیا

Image caption پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3 اور شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں

شارجہ میں کھیلے جانے والے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 11 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔ محمد حفیظ مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے ہیں۔

بدھ کو شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنائے اور جواب میں سری لنکا کی ٹیم آخری اوور میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

شارجہ میں پہلا ون ڈے میچ تصاویر میں

ایک موقع پر سری لنکن ٹیم کے 221 کے سکور پر سات کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے اور اننگز کے آخری اوورز میں میچ کا فیصلہ دونوں ٹیموں کے حق میں برابر برابر نظر آنا شروع ہو گیا تھا۔

308 کے مجموعی سکور پر 48.5 اوورز میں سینانائیکے 24 گیندوں پر 42 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی جیت یقینی ہو گی۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3 اور شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سری لنکن اننگز میں پریرا 64 رنزبنا کی نمایاں رہے۔

اس سے پہلے پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کے فیصلے کو ٹیم کے بلے بازوں نے صحیح ثابت کیا۔

اپنا پہلا ایک روزہ کرکٹ میچ کھیلنے والے شرجیل خان نے نصف سنچری بنائی تو اس کے بعد کپتان محمد حفیظ کی سنچری اور صہیب مقصود کی نصف سنچری کی بدولت پاکستانی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 322 بنانے میں کامیاب رہی۔

یہ حفیظ کی ایک روزہ کرکٹ میں ساتویں سنچری تھی۔ انھوں نے صہیب مقصود کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 140 رنز کی شراکت قائم کی۔

شرجیل 61 اور صہیب 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد حفیظ نے 122 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

اننگز کے آخری اوورز میں شاہد آفریدی نے 12 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنا کر پاکستان کو ایک بڑے سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔

سری لنکا کی جانب سے لکمل، پریرا اور پرسنّا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سیریز کا نتیجہ کچھ بھی نکلے عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار رہے گی البتہ کامیابی کی صورت میں سری لنکن ٹیم چوتھے سے تیسرے نمبر پر آ جائے گی۔

اسی بارے میں